حیدرآباد (دکن فائلز) کولکاتا کی سیالدہ عدالت نے آر جی کار میڈیکل کالج اسپتال میں ایک خاتون ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کیس میں کلیدی ملزم سنجے رائے کو بھارتیہ نیایا سنہتا کی دفعہ 64، 66 اور 103 (1) کے تحت مجرم قرار دے دیا، تاہم اب سزا کا اعلان پیر کو کیا جائے گا۔
کولکاتا پولیس نے اس مقدمہ کی تحقیقات کے دوران گذشتہ سال 10 اگست کو کلیدی مجرم سنجے رائے کو گرفتار کیا تھا، جبکہ ایک دن قبل لیڈی ڈاکٹر کی لاش ہسپتال کے سیمینار روم سے برآمد ہوئی تھی۔ کلکتہ ہائی کورٹ نے بعد میں کیس کو سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کو منتقل کر دیا اور ایجنسی نے ملزم کے لیے سزائے موت کا مطالبہ کیا۔
ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کیس میں ان کیمرہ ٹرائل 12 نومبر کو شروع ہوئی اور 50 گواہوں کے بیان قلمبند کئے گئے۔ مقدمہ کی سماعت 9 جنوری کو مکمل ہوئی اور آج فیصلہ سنایا گیا۔ مقتول ڈاکٹر کے والد، سی بی آئی کے تفتیشی افسر، کولکاتا پولیس کے تفتیشی افسر، ایک فرانزک ماہر اور متوفی کے چند ہم جماعتوں نے اس معاملے میں گواہی دی ہے۔
ہفتہ کو سیالدہ عدالت کے فیصلے سے پہلے، ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے لیڈر کنال گھوش نے پارٹی کے مطالبہ کو دہرایا کہ ملزم کو موت کی سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ “ہم امید کرتے ہیں کہ واقعہ کے 24 گھنٹے کے اندر گرفتار ہونے والے شخص کو، جسے سی بی آئی نے بھی قصوروار ٹھہرایا، عدالت اسے مجرم قرار دے کر سزائے موت دے گی۔ پہلے دن سے، ہمارے وزیر اعلیٰ نے اس گھناؤنے جرم کے لیے سزائے موت کا مطالبہ کیا ہے۔”
واضح رہے کہ گذشتہ سال 9 اگست کو آر جی کار میڈیکل کالج اسپتال میں نائٹ ڈیوٹی کے دوران خاتون ڈاکٹر کی عصمت ریزی اور قتل کیا گیا، اس معاملہ کے بعد ملک بھر میں زبردست احتجاج کیا گیا۔