حیدرآباد (دکن فائلز) غزہ میں 15 ماہ سے جاری اسرائیلی بربریت کا بالآخر خاتمہ ہوگیا اور جنگ بندی کا آغاز ہوگیا، جس کے بعد فلسطینی مزاحمت کاروں نے غزہ کی سڑکوں پر جشن منایا جبکہ شہریوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ سوشل میڈیا میں اس تعلق سے ویڈیوز اور تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فلسطینی مزاحمت کاروں نے غزہ کے علاقوں دیر البلاح اور خان یونس کی سڑکوں پر گشت کی اور خوب جشن منایا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس موقع پر شہریوں نے نعرے لگاکر اور ہاتھ ہلا کر فلسطینی مزاحمت کاروں کا استقبال کیا۔ غزہ میں کئی گھنٹوں کی تاخیر کے بعد بالآخر جنگ بندی کا آغاز ہوگیا ہے۔
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے جنگ بندی معاہدے کے تحت 3 اسرائیلی قیدیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کردیا۔ اس سے قبل حماس کی جانب سےآج رہا کیے جانے والی 3 اسرائیلی خواتین قیدیوں کے نام جاری کیے گئے تھے۔ ریڈ کراس کی ٹیم اسرائیلی خواتین کو غزہ میں اسرائیل کے خصوصی فوجی یونٹ پہنچائےگی جہاں سے انہیں اسرائیلی فوجی اسپتال لے جایا جائےگا۔
میڈیا کے مطابق اسرائیل کی جانب سے سے معاہدے کے تحت آج رہا کیے جانے والے 90 فلسطینی قیدیوں کے نام جاری کردیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ غزہ پر پندرہ ماہ سے مسلط اسرائیلی جنگ میں فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق ہزاروں بچوں اور خواتین سمیت 47 ہزار 899 فلسطینی شہید ہوئے جب کہ ایک لاکھ دس ہزار سے زائد فلسطینی زخمی اور ہزاروں لاپتا ہیں۔