حیدرآباد (دکن فائلز) اترپردیش کے سنبھل میں 24 نومبر 2024 کو شاہی جامع مسجد کے سروے کی مخالفت کرتے ہوئے علاقہ کے لوگوں نے زبردست احتجاج کیا تھا جس کے بعد فائرنگ میں 5 نوجوان جاں بحق ہوگئے تھے، اس واقعہ کی تحقیقات کے لیے ریاستی حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی تین رکنی عدالتی کمیٹی نے آج متاثرہ علاقہ کا دورہ کیا۔ منگل کو تحقیقاتی کمیٹی نے تشدد سے متاثرہ علاقوں کے علاوہ شاہی جامع مسجد کا بھی دورہ کرکے تحقیقات کی۔
واضح رہے کہ اترپردیش حکومت نے تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی، جبکہ ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج دیویندر اروڑہ کو اس کا چیئرمین بنایا گیا۔ ریٹائرڈ آئی پی ایس اے کے جین اور امیت موہن پرساد کو کمیٹی میں ممبران کے طور پر شامل کیا گیا۔ قبل ازیں تحقیقاتی کمیٹی نے یکم دسمبر 2024 کو سنبھل کا دورہ کرکے تحقیقات کی تھیں۔ کمیٹی نے جامع مسجد سمیت تشدد سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ ان کے ساتھ ڈی ایم اور ایس پی بھی موجود تھے۔
آج تحقیقاتی کمیٹی نے علاقہ کا دورہ کرنے کے بعد پی ڈبلیو ڈی گیسٹ ہاؤس پہنچی جہاں تشدد متاثرین کے بیانات قلمبند کیے گے۔ اطلاعات کے مطاق جوڈیشل انکوائری کمیشن کی ٹیم آئندہ ہفتہ دوبارہ علاقہ کا دورہ کرے گی اور دیگر متاثرین کے بیانات قلمبند کئے جائیں گے۔