حیدرآباد (دکن فائلز) آج 76 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر ملک بھر میں جشن منایا گیا۔ سب سے بڑی تقریب دہلی کے کرتویہ پتھ پر منعقد ہوئی جہاں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے قوم پرچم لہرایا اور فوجی دستوں سے سلامی لی۔ اس تقریب میں انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو نے مہمان خصوصی کی حثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر تینوں افواج کی جانب سے مشترکہ طور پر طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔
تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی، نائب صدر جگدیپ دھنکر، مرکزی وزراء اور دیگر نے شرکت کی۔ اس سال پریڈ میں برہموس، آکاش میزائل اور پنکا ملٹی بیرل راکٹ خاص توجہ کا مرکز تھے۔ یوم جمہوریہ کی عظیم الشان تقریب کے دوران ہیلی کاپٹروں کے ذڑیعہ پھول کی پتیاں برسائی گئیں۔ راشٹرپتی بھون سے لال قلعہ تک 9 کلومیٹر طویل یوم جمہوریہ پریڈ کا اہتمام کیا گیا۔ ریاستوں، مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور مرکزی محکموں کی 31 جھانکیاں پیش کی گئیں۔