’اگر کوئی غلطی نہیں تھی تو اعداد و شمار کو کیوں چھپایا اور مٹا دیا گیا‘؟ مہا کمبھ بھگڈر پر اکھیلیش یادو کا بی جے پی حکومت پر بڑا حملہ

حیدرآباد (دکن فائلز) سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سربراہ اکھلیش یادو نے لوک سبھا میں بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ حکومت 29 جنوری کو اتر پردیش کے پریاگ راج میں مہا کمبھ میلے میں بھگدڑ میں ہلاک ہونے والوں کی اصل تعداد کو چھپا رہی ہے۔ بجٹ اجلاس کے دوران صدرجمہوریہ کے خطبہ پر تشکر کی تحریک میں حصہ لیتے ہوئے اکھلیش یادو نے مہا کمبھ بھگدڑ میں ہونے والی اموات کے سرکاری اعداد و شمار جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔

سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے کہاکہ ’اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ نے دلخراش واقعہ پر تعزیت کا اظہار نہیں کیا۔ جبکہ ملک کے صدر اور وزیر اعظم نے تعزیت کا اظہار کیا تو ریاستی حکومت نے 17 گھنٹوں بعد اسے قبول کیا۔

انہوں نے لوک سبھا میں خطاب کے دوران حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’خدا جانے وہاں کتنی چپلیں، کپڑے اور ساڑیاں پڑی تھیں’۔ اکھلیش یادو نے کہاکہ ’جب یہ معلوم ہوا کہ کچھ لوگ مر چکے ہیں اور ان کی لاشیں مردہ خانے اور اسپتال میں پڑی ہیں، تو حکومت نے اپنے ہیلی کاپٹر کو پھولوں سے بھر کر ان پر برسایا، یہ کیسی روایت ہے؟ وہ جانتے ہیں کہ وہاں کتنی چپلیں، کپڑے اور ساڑیاں پڑی تھیں اور وہ سب کچھ چھپانے کے لیے جے سی بی مشینوں اور ٹریکٹر ٹرالیوں کے ذریعہ انہیں فوری وہاں سے ہٹادیا گیا‘۔

سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ نے کہاکہ ’حکومت مسلسل بجٹ کے اعداد و شمار دے رہی ہے۔ اسے مہا کمبھ میں مرنے والوں کے اعداد و شمار بھی دینے چاہئیں۔ میں مطالبہ کرتا ہوں کہ مہا کمبھ کے انتظامات کو واضح کرنے کے لئے آل پارٹی میٹنگ بلائی جائے‘۔ مہا کمبھ واقعہ میں مرنے والوں کے اعداد و شمار، زخمیوں کا علاج، ادویات، ڈاکٹروں، خوراک، پانی اور ٹرانسپورٹ کی دستیابی کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے۔ مہا کمبھ سانحہ کے ذمہ داروں کے خلاف سخت تعزیری کارروائی کی جائے اور سچ چھپانے والوں کو سزا دی جائے۔ ہم ڈبل انجن والی حکومت سے پوچھتے ہیں کہ اگر کوئی غلطی نہیں تھی تو اعداد و شمار کو کیوں دبایا، چھپایا اور مٹا دیا گیا؟

اپنا تبصرہ بھیجیں