بڑی خبر: امریکی صدر نے غزہ پر قبضہ کرنے کا اعلان، کہا ’ہم اس کے مالک ہوں گے‘: ٹرمپ کے ناپاک و اشتعال انگیز بیان سے عالم اسلام میں غم و غصہ کا طوفان

حیدرآباد (دکن فائلز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطین کی محصور اور اسرائیل کے ہاتھوں تباہ و برباد کی گئی پٹی غزہ پر قبضہ کرنے کا اعلان کردیا۔ وائٹ ہاؤس میں صہیونی ریاست اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ غزہ کی پٹی پر قبضہ کر لے گا اور ہم اس کے مالک ہوں گے۔

مسلم مخالف بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ ’غزہ پر قبضہ کرکے ہم اسے مستحکم کریں گے اور یہاں ملازمتوں کے مواقع پیدا کریں گے۔ غزہ میں طویل مدتی ملکیت کی پوزیشن دیکھ رہا ہوں، ہم غزہ پر قبضہ کرکے اسے ترقی یافتہ بنائیں گے، جس سے علاقے کے لوگوں کو ملازمتیں ملنے کے ساتھ دوسرے شہریوں کو بسنے کا موقع بھی ملے گا‘۔

امریکی صدر نے اپنے اشتعال انگیز بیان میں مزید کہا کہ ’فلسطینیوں کو اردن اور مصر میں بسایا جائے گا، اب دیکھنا ہے کہ اردن اور مصر کے رہنماؤں کا ردعمل کیا ہوتا ہے۔ فلسطینیوں کے پاس غزہ چھوڑنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ ہمسایہ ممالک اردن اور مصر بے گھر فلسطینیوں کو اپنی پناہ میں لے لیں‘۔

ٹرمپ نے قبل ازیں اقوام متحدہ کے فلسطینی امدادی ادارے یو این آر ڈبلیو اے کی فنڈنگ روکنے کے لئے ایک دستاویز پر بھی دستخط کردیئے جس سے ان کی نیت کا اظہار ہوتا ہے، ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وہ مظلوم فلسطینیوں کو کسی بھی امداد کے حق میں نہیں ہے۔

ٹرمپ کے بیان نے مسلم دنیا میں غم و غصہ کا طوفان برپا کردیا۔ دنیا بھر میں پھیلے کروڑوں مسلمانوں نے ٹرمپ کے اشتعال انگیز و ظالمانہ بیان پر سخت تنقید کی۔ امریکی صدر کے بیان سے دنیا کے مسلمانوں میں مخالف امریکی جذبات شدت سے ابھرنے کا خدشہ ظارہ کیا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں