اسماعیلی فرقہ کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان کا انتقال

حیدرآباد (دکن فائلز) اسماعیلی فرقہ کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان انتقال کر گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پرنس کریم آغا خان کا انتقال 4 فروری کو پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں ہوا۔ وہ 88 برس کے تھے۔ شاہ کریم الحسینی اسماعیلی کمیونٹی کے 49 ویں امام تھے۔

پرنس کریم آغا خان کے تین بیٹے رحیم آغاخان، علی محمد آغاخان اور حسین آغا خان ہیں جبکہ ایک بیٹی زہرا آغا خان ہیں۔ شاہ کریم کی نمازجنازہ لزبن میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین کے مقام کا اعلان فی الحال نہیں کیاگیا۔

جماعت کے اراکین سے درخواست کی گئی ہے کہ جب تک انہیں مدعو نہ کیا جائے وہ نماز جنازہ میں ذاتی حیثیت میں شرکت کی کوشش نہ کریں۔ نمازجنازہ کوبراہ راست دکھائے جانے کا اہتمام کیا جائے گا۔ جس کے بارے میں آگاہی دی جائےگی۔

دوسری جانب روایات کے تحت ان کے جانشین یعنی اسماعیلی کمیونٹی کے 50 ویں حاضر امام کو نامزد کردیا گیا ہے۔ جانشین کی نامزدگی پرنس کریم آغا خان نے اپنی وصیت میں کی تھی، پرنس کریم آغا خان کے اہل خانہ اور جماعت کے سینیئر ارکان کی موجودگی میں یہ وصیت پڑھ کر سنائی جائے گی۔

پرنس کریم آغا خان اسماعیلی فرقہ کے 49 ویں امام یعنی روحانی لیڈر تھے۔ پرنس کریم آغا خان کو 11 جولائی1957 میں امام بنایا گیا تھا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں