حیدرآباد (دکن فائلز) بالی وڈ کی معروف ڈانسنگ گرل، اداکارہ اور مراقش سے تعلق رکھنے والی نورا فتیحی اپنی سالگرہ سے ایک دن قبل ایک عجیب و غریب جھوٹی خبر کا شکار بن گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے مخصوص ڈانس کے اسٹیپس سے اسٹیج میں جان پھونکنے والی نورا فتیحی سے متعلق جھوٹی خبریں وائرل ہوئیں کہ وہ ایک حادثہ کا شکار ہوکر دنیا سے رخصت ہوگئی ہیں۔
سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیلنے والی گمراہ کن ویڈیو میں ایک خاتون کو پہاڑ کی بلندی سے نیچے گرتے ہوئے دیکھا گیا۔ وائرل ویڈیو کلپ پر ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا ‘بالی وڈ کی مشہور اداکارہ نورا فتیحی کی موت بالی وڈ کے لیے بری خبر ہے’۔
بعدازاں یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تاہم ان دعوؤں میں کوئی صداقت نہیں اور میڈیا نے نورا کے زندہ سلامت ہونے کی تصدیق کی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ویڈیو کو جعلی قرار دیا گیا ہے، بظاہر عوام کو گمراہ کرنے اور غیر ضروری خوف و ہراس پھیلانے کے لیے بنایا گیا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے نورا سے متعلق جھوٹی اور غلط خبریں پھیلانے والوں پر سخت تنقید کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب کسی اسٹار کی موت سے متعلق جھوٹی خبر سوشل میڈیا کی زینت بنی ہو۔