دہلی اسمبلی انتخابات: عام آدمی پارٹی عرش سے فرش پر پہنچ گئی، 27 سال بعد بی جے پی کا خواب پورا، کانگریس کا نام و نشان نہیں، مجلس بھی شکست سے دوچار

حیدرآباد (دکن فائلز) دہلی اسمبلی انتخابات کے نتائج سامنے آگئے ہیں۔ بی جے پی نے 27 سال بعد اقتدار پر واپسی کی۔ عام آدمی کے خلاف دہلی میں جیت کو بی جے پی کےلئے بڑی کامیابی مانا جارہا ہے۔ ریاست سطح سے لے کر مرکز تک بی جے پی لیڈر پرجوش ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے نمبر ون لیڈر اروند کیجریوال بھی نئی دہلی اسمبلی سیٹ سے الیکشن ہار گئے۔ اسی طرح پارٹی میں دوسرا مقام رکھنے والے منیش سسودیا بھی جنگ پورہ اسمبلی سیٹ سے الیکشن ہار گئے۔

انتخابی نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ اس بار عوام نے عام آدمی پارٹی کی مفت اسکیموں پر بھروسہ نہیں کیا جبکہ عام آدمی پارٹی حکومت کی مبینہ بدعنوانیوں کے خلاف چلائی گئی شدید مہم کا اثر دیکھا گیا۔ عام آدمی پارٹی کے قدرآور لیڈر بھی انتخابات میں شکست سے دوچار رہے، آتشی نے اپنے حلقہ پر کامیابی سے کامیاب رہی جبکہ اروند کیجریوال، منیش سسودیا، ستیندر جین و دیگر اہم لیڈروں کو شکست ہوئی۔ بی جے پی کے اہم لیڈر رمیش بدھوری کو شکست ہوئی۔

عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال نے ہار کو تسلیم کرلیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ’عوام کا فیصلہ منظور ہے‘۔ انہوں نے بی جے پی کو انتخابات میں جیت کےلئے مبارکباد بھی دی۔ کیجریوال نے یہ امید کا اظہار بھی کیا کہ بی جے پی ان تمام وعدوں کو پورا کریں گی جن کے لیے لوگوں نے انہیں ووٹ دیا ہے۔ ہم نے پچھلے 10 سالوں میں صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر کے میدان میں بہت کام کیا ہے۔ ہم نہ صرف ایک تعمیری اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے بلکہ عوام کے درمیان رہیں گے اور ان کی خدمت کرتے رہیں گے۔

تازہ اطلاعات کے مطابق بی جے پی نے 46 حلقوں پر کامیابی حاصل کرلی ہے اور دو سیٹوں پر آگے ہے جبکہ عام آدمی پارٹی نے 21 نشستوں پر کامیابی حاصل کی اور ایک حلقوں پر جیت کے قریب ہے۔ دہلی انتخابات میں کانگریس، مجلس و دیگر پارٹیوں نے کچھ خاص مظاہرہ نہیں کیا۔

تفصیلات کا سلسلہ جاری۔۔۔

اپنا تبصرہ بھیجیں