حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد کی مشہور مارکٹ دیوان دیوڑھی مارکیٹ میں اتوار کی رات اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ جس کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس اور افراتفری پھیل گئی۔ آتشزدگی کا واقعہ مدینہ اور عباس ٹاورز میں پیش آیا، یہاں کمرشل کمپلیکس میں تقریباً 200 دکانیں ہیں۔
اطلاعات کے مطابق چوتھی منزل پر ایک دکان میں لگی آگ تیزی سے ملحقہ دکانوں تک پھیل گئی اور تیسری منزل پر واقعہ دکان کو بھی نقصان ہوا۔ واقعہ کے بعد حکام نے صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے حیدرآباد کے مختلف فائر اسٹیشنوں سے 15 فائر ٹینڈرز کو طلب کیا۔
بڑی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ ابھی آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ نہ چل سکا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔
ذرائع کے مطابق آتشزدگی کے واقعہ میں متعدد کپڑوں کی دکانوں کو بڑے پیمانہ پر نقصان پہنچا ہے اور نقصان کا تخمینہ لاکھوں میں لگایا جارہا ہے۔
مقامی رکن اسمبلی میر ذوالفقار علی اور مجلس کے مقامی لیڈر بھی واقعہ پر پہنچ کر انتظامیہ کا تعاون کیا۔ تنگ گلیوں کی وجہ سے فائر فائٹرس کو آگ پر قابو پانے میں کافی مشکلات پیش آئیں۔