حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ کے حضورنگر میں ایک دل دہلادینے والا واقعہ پیش آیا جہاں سرعام ایک شخص نے برقعہ پوش خاتون پر پٹرول چھڑک دیا اور آگ لگانے کی کوشش کی تاہم مقامی لوگوں کی وجہ سے خاتون کی جان بچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق پیر 10 فروری کو حضور نگر میں سندر پرمود نامی شخص نے ایک برقعہ پوش خاتون کوداڑ کے قریب سرعام مبینہ طور پر پٹرول چھڑک کر زندہ جلانے کی کوشش کی۔
ویڈیو دیکھنے کےلئے لنک پر کلک کریں:
https://x.com/i/status/1889354425879384152
میڈیا رپورٹس کے مطابق حضور نگر ایس آئی جی متھیا نے بتایا کہ کھمم کی 23 سالہ خاتون گزشتہ تین ماہ سے سوریہ پیٹ ضلع کے حضور نگر میں اپنے چچا کے پاس رہ رہی ہے۔ وہ کوداڑ کے قریب ایک دفتر میں ملازمت کررہی ہے۔ خاتون کے آبائی گاؤں کا سندر پرمود کچھ روز سے اسے زبردستی شادی کرنے کےلئے مجبور کررہا تھا۔
پیر کے روز پرمود نے دفتر کے سامنے خاتون پر پٹرول سے حملہ کرکے مبینہ طور پر زندہ جلانے کی کوشش کی۔ یہ سارا واقعہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں قید ہوگیا۔
اس دوران مقامی لوگوں نے مداخلت کرتے ہوئے خاتون کی جان بچالی اور سندر پرمود کو پولیس کے حوالہ کردیا۔ خاتون نے سندر پرمود کے خلاف جان سے مارنے کی کوشش کا الزام عائد کرتے ہوئے حضور نگر پولیس میں شکایت درج کرائی۔
اطلاعات کے مطابق پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔