حیدرآباد (دکن فائلز) پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے آج دوپہر کو اپوزیشن کے ہنگامہ کے درمیان وقف (ترمیمی) بل کو لوک سبھا میں پیش کردیا۔
بل پر لوک سبھا میں 8 گھنٹے بحث کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم اس بات کا امکان ہے کہ وقت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ اپوزیشن نے مرکزی حکومت کی جانب سے لائے گئے بل کی مخالفت میں ہنگامہ شروع کردیا۔
لوک سبھا میں بل پیش کرتے ہوئے رجیجو نے آج کے دن کو “تاریخی” قرار دیا کیونکہ وقف ترمیمی بل 2024 لوک سبھا میں پیش کیا گیا۔ رجیجو نے زور دے کر کہا کہ یہ بل، جس کا مقصد 1995 کے وقف ایکٹ میں ترمیم کرنا ہے، قومی مفاد میں ہے اور اس سے پورے ملک بالخصوص مسلمانوں، خواتین اور بچوں کو فائدہ پہنچے گا۔
پارلیمانی کارروائی سے پہلے میڈیا سے بات کرتے ہوئے، رجیجو نے کہا، “آج ایک تاریخی دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ قومی مفاد میں پیش کیے جانے والے اس بل کو نہ صرف لاکھوں مسلمانوں بلکہ پورے ملک کی حمایت حاصل ہوگی‘۔
وہیں دوسری جانب اپوزیشن پارٹیوں کے علاوہ ملک بھر میں مسلمانوں کی جانب سے اس بل کی شدید مخالفت کی جارہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں مسلمانوں کی جانب سے بل کی ناکامی کےلئے دعاؤں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ مختلف مسلم تنظیموں نے بھی مسلمانوں سے گڑگڑا کر دعائیں کرنے کا اپیل کی ہے۔