’آپ اُس قوم کے خلاف قانون بنارہے ہیں جس کے دو لاکھ علمائے کرام جنگ آزادی میں شہید ہوئے‘ کانگریس رہنما گورو گوگوئی نے وقف ترمیمی بل کی شدید مخالفت کی، لوک سبھا میں تقریر کے دوران مولانا حسین احمد مدنی کی قربانیوں کو بھی یاد کیا (ویڈیو دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) لوک سبھا میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر گورو گوگوئی نے وقف ترمیمی بل پر جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے مرکز کی مودی حکومت پر شدید تنقید کی اور مسلم مخالف رویہ رکھنے کا الزام عائد کیا۔ گوگوئی نے کہا کہ مودی حکومت وقف ترمیمی قانون کے ذریعہ ملک بھر میں اقلیتو کو نشانہ بنانا چاہتی ہے۔ انہوں نے تقریر کے دوران شیخ الاسلام حضرت مولانا سید حسین احمد مدنی رحمۃ اللہ علیہ کی قربانیوں کو بھی یاد کیا۔

انہوں نے اپنی تقریر کو جاری رکھتے ہوئے مودی حکومت سے سوال کیا کہ ’کیا آپ اس قوم پر داغ لگانا چاہتے ہیں جس کے دو لاکھ سے زیادہ علمائے کرام نے جنگ آزادی میں جام شہادت نوش کیا؟‘۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں نے جنگ آزادی کے دوران ہر مرحلہ میں قربانیاں دی ہیں اور تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا لیکن اُس وقت بی جے پی والے (سنگھی) انگریزوں کو معافی نامے لکھ رہے تھے اور تحریک کو کمزور کررہے تھے۔

ویڈیو دیکھنے کےلئے لنک پر کلک کریں:
https://x.com/i/status/1907361209629941941

گورو گوگوئی نے مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’آپ لوگ مسلمانوں سے ہمدردی کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن بی جے پی حکومت والی ریاستوں میں مسلمانوں کو عید کی نماز سڑک پر پڑھنے سے بھی روکا گیا‘۔ انہوں نے وقف ترمیمی بل کو غیرآئینی قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ’مودی حکومت کی نظر مسلمانوں کی املاک پر ہے اور مستقبل میں ان کی نظر دیگر برادریوں کی زمینوں پر بھی ہوگی‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ مودی حکومت اس بل کے ذریعہ ملک بھر میں افراتفری کا ماحول پیدا کرنا چاہتی ہے اور اقلیتوں کےلئے خلاف گمراہ کن پروپگنڈہ کیا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں