جسٹس بی آر گوائی ہندوستان کے 52 ویں چیف جسٹس مقرر، تاریخی لمحہ

حیدرآباد (دکن فائلز) جسٹس بھوشن رام کرشنا گوائی (B.R. Gavai) نے آج نئے چیف جسٹس آف انڈیا (CJI) کے طور پر حلف لیا۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے انہیں حلف دلایا۔

جسٹس گوائی نے ہندوستان کے 52 ویں چیف جسٹس کے طور پر عہدہ سنبھال لیا۔ ملک کی اعلیٰ ترین عدالت کے سربراہ کے لیے جسٹس گوائی کی تقرری کی ایک تاریخی اہمیت ہے۔ وہ ہندوستانی عدلیہ کی تاریخ میں چیف جسٹس کے عہدے پر فائز ہونے والے پہلے بدھ مت کے ماننے والے ہیں وہیں آزادی کے بعد وہ دلت برادری سے تعلق رکھنے والے ملک کے دوسرے چیف جسٹس ہیں۔

سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر ان کا دورِ کار چھ ماہ کا ہوگا۔ ان کی جانب سے کئے گئے اہم فیصلوں میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کو برقرار رکھنا، نوٹ بندی کو جائز قرار دینا، شراب پالیسی معاملے میں کے. کویتا کو ضمانت دینا کے علاوہ بلڈوزر جسٹس کا مشہور فیصلہ بھی شامل ہے۔

وہ 24 نومبر 1960 کو مہاراشٹر کے امراوتی میں پیدا ہوئے۔ انہیں 14 نومبر 2003 کو بمبئی ہائی کورٹ کا ایڈیشنل جج مقرر کیا گیا اور 12 نومبر 2005 کو مستقل جج بنایا گیا۔ انہوں نے 16 مارچ 1985 کو وکالت کا آغاز کیا۔ شروع میں انہوں نے بار کے راجہ ایس بھوسلے (سابق ایڈوکیٹ جنرل و ہائی کورٹ جج) کے ساتھ 1987 تک کام کیا، پھر 1987 سے 1990 تک بمبئی ہائی کورٹ میں آزادانہ پریکٹس کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں