حیدرآباد (دکن فائلز) پہلگام حملہ کے بعد آپریشن سندور کی کامیابی کا سہرہ بی جے پی اپنے سر لینا چاہتی ہے، جبکہ پاکستان کے خلاف جیت فوج کی بہادری سے ہندوستان کو ملی ہے۔ آپریشن سندور کے بعد بی جے پی رہنماؤں کی جانب سے انتہائی نفرت انگیز، توہین آمیز اور متنازعہ ریمارکس کا سلسلہ جاری ہے۔
تازہ طور پر مدھیہ پردیش کے نائب وزیراعلیٰ جگدیش دیوڈا نے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے فوج کی توہین کردی۔ انہوں نے اپنے متنازعہ بیان میں کہا کہ ’ملک، فوج اور سپاہی، مودی کے قدموں میں جھکتے ہیں۔ ان کے اس بیان پر ملک بھر میں غم و غصہ کا اظہار کیا جارہا ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک صارف نے لکھا کہ ’مودی جی ملک اور فوج سے بڑے نہیں ہے۔ میرے لئے میرا ملک سب سے بڑا ہے‘۔
کانگریس نے بھی جگدیش دیوڈا کے بیان پر تنقید کی اور کہا کہ ان کے بیان سے فوج اور ملک کی توہین ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل بی جے پی کے ایک اور رہنما و مدھیہ پردیش کے وزیر وجے شاہ نے سچی محب وطن کرنل صوفیہ قریشی کو دہشت گردوں کی بہن قرار دیا تھا، جس کے بعد ہائیکورٹ نے ان کی سرزنش کی اور ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دی۔
اسی طرح راجستھان میں بھی بی جے پی کے ایک رکن اسمبلی نے قومی پرچم کی توہین کی۔ انہوں نے ایک ریلی کے دوران ترنگے سے اپنی ناک صاف کی۔ اس طرح کے واقعات سے معلوم ہوتا ہے کہ بی جے پی کی ’دیش بھگتی‘ کتنی سچی ہے۔