گستاخ شرمستھا پنولی کے خلاف شکایت درج کرانے والے وجاہت خان کو ہی پولیس نے گرفتار کرلیا!

حیدرآباد (دکن فائلز) وجاہت خان، جنہوں نے قبل ازیں گستاخ و ملعون خاتون شرمستھا پنولی کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی تھی، کو کولکتہ پولیس نے 9 جون کی رات کو گرفتار کرلیا۔ ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ خان کئی دنوں سے فرار تھے جنہیں ایمہرسٹ اسٹریٹ علاقے میں ایک فلیٹ سے گرفتار کرلیا۔

وجاہت خان پر بھارتیہ نیا سنہتا (بی این ایس) کی متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں مذہب یا نسل کی بنیاد پر گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینے اور مذہبی عقائد کی توہین کے مقصد سے بیانات دینے سے متعلق دفعات شامل ہیں۔ ان کے خلاف ایف آئی آر جنوبی کولکتہ کے گالف گرین پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی تھی۔ اس پر سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز پوسٹس کے ذریعہ عوامی فساد بھڑکانے اور امن کی خلاف ورزی پر اکسانے کا بھی الزام ہے۔

وجاہت خان نے شرمستھا پنولی کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی تھی کہ ’خاتون نے پیغمبر اسلام کے خلاف توہین آمیز ریماکس کے ساتھ ایک ویڈیو پوسٹ کی اور فرقہ وارانہ تبصرے کئے‘۔ اس شکایت کی بنیاد پر پنولی کو 30 مئی کو گروگرام سے گرفتار کیا گیا تھا۔

پنولی کے خلاف شکایت درج کرانے کے بعد وجاہت خان خود متعدد شکایات کا نشانہ بن گئے، کٹر ہندوتوا تنظیم شری رام سوابھیمان پریشد نے ان کے خلاف شکایت درج کرائی کہ خان نے ہندو دیوتاؤں، مذہبی رسومات اور مجموعی طور پر کمیونٹی کے خلاف توہین آمیز، جنسی طور پر واضح، اور اشتعال انگیز زبان استعمال کی۔

پنولی کی گرفتاری کے بعد، وجاہت خان مبینہ طور پر روپوش ہو گئے تھے جبکہ ان کے والد نے دعویٰ کیا تھا کہ خاندان کو دھمکی آمیز کالیں موصول ہوئی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں