نیا نائب صدر کون ہوگا؟ ووٹنگ شروع، شام میں نتائج، کس پارٹی کا کیا ہے موقف، جانیں تفصیلات

حیدرآباد (دکن فائلز) ہندوستان 9 ستمبر کی رات 17 ویں نائب صدر کا استقبال کرے گا۔ نئے نائب صدر کےلئے انتخاب کا عمل جاری ہے۔ ووٹنگ صبح 10 بجے شروع ہوگئی اور شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ گنتی شام 6 بجے کے بعد شروع ہوگی۔ انتخابی عمل کافی سیدھا ہے۔ تمام اراکین پارلیمنٹ، منتخب یا نامزد، ووٹ دے سکتے ہیں۔

مقابلہ حکمراں این ڈی اے اور اپوزیشن انڈیا اتحاد کے امیدواروں کے درمیان ہے۔ اس پس منظر میں نائب صدر کے انتخاب میں کون سی پارٹی برتری حاصل کرے گی اور کون کس کی حمایت کر رہا ہے؟ یہ سوال عام لوگوں کے ذہنوں میں اٹھ رہا ہے۔

اس انتخاب میں سی.پی. رادھا کرشنن این ڈی اے کے امیدوار ہیں اور جسٹس سدرشن ریڈی انڈیا اتحاد کے امیدوار ہیں۔ نائب صدر کا انتخاب پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اراکین پر مشتمل الیکٹورل کالج کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ وہ متناسب نمائندگی کے نظام کے ذریعے واحد منتقلی ووٹ سے منتخب ہوتا ہے۔ الیکشن جیتنے کے لیے امیدوار کے پاس جملہ درست ووٹوں کے نصف سے زیادہ ہونا ضروری ہے۔ الیکشن میں ووٹنگ خفیہ رائے شماری سے ہوگی۔ پولنگ ختم ہونے کے فوراً بعد گنتی شروع ہو جائے گی۔

لوک سبھا میں اس وقت 542 ارکان ہیں اور راجیہ سبھا میں 233 ارکان ہیں۔ الیکٹورل کالج پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے جملہ 788 ارکان پر مشتمل ہے۔ نائب صدر کے عہدے پر جیت کے لیے اکثریت 391 ہے۔ این ڈی اے کے پاس 425 ایم پی ہیں۔ انڈیا اتحاد کی حمایت میں 324 ارکان ہیں۔

وائی ایس آر سی پی نے اس الیکشن میں رادھا کرشنن کی حمایت کی ہے۔ وہیں کل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے جسٹس سدرشن ریڈی کی تائید کا اعلان کیا ہے۔

بھارت راشٹرا سمیتی نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس انتخاب سے الگ رہے گی۔ اس کے چار ارکان کے ووٹنگ میں حصہ لینے کا امکان نہیں ہے۔ بیجو جنتا دل نے، جس کے سات ارکان پارلیمنٹ ہیں، اعلان کیا ہے کہ وہ اس الیکشن سے الگ رہے گی۔

شرومنی اکالی دل اور میزورام پیپلز موومنٹ جیسی پارٹیوں کا ایک ایک رکن ہے۔ اگرچہ عام آدمی پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ وہ مخالف امیدوار کی حمایت کرے گی۔. یہ واضح نہیں ہے کہ پارٹی کے ساتھ تعلقات خراب ہونے کی وجہ سے ایم پی سواتی مالیوال کس کو ووٹ دیں گی۔ اس بات میں دلچسپی ہے کہ آزاد امیدوار اور دیگر پارٹی ممبران کس کی طرف جھکاؤ رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ جگدیپ دھنکھر نے علالت کی وجہ سے نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اسی وجہ سے نائب صدر کے عہدے کے لیے یہ انتخابات ہو رہے ہیں۔ مرکزی الیکشن کمیشن نے گزشتہ ماہ کی 7 تاریخ کو ان انتخابات کے لئے اعلامیہ جاری کیا تھا۔ اس نے 21 اگست تک پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ مقرر کی تھی۔ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 25 اگست کو ختم ہوگئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں