حیدرآباد (دکن فائلز) ایک وائرل ویڈیو نے بی جے پی رکن پارلیمنٹ کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ قومی ترانے کی مبینہ توہین کا ان پر الزام عائد کیا جارہا ہے۔ ویڈیو میں بانسری سشما سوراج کو قومی ترانہ ادھورا چھوڑ کر اپنی جگہ سے ہٹتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد کانگریس کے رہنماؤں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔
کانگریس نے بانسری سوراج پر قومی ترانے کی بے حرمتی کا الزام لگایا۔ وہیں ان الزامات پر بانسری سوراج نے فوری طور پر اپنی صفائی پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پھیلایا جانے والا ویڈیو ادھورا اور گمراہ کن ہے۔
بانسری سوراج نے وضاحت کی کہ ویڈیو کی حقیقت کچھ اور ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ دراصل یہ درخواست کرنے گئی تھیں کہ قومی ترانہ مکمل اور صحیح طریقے سے گایا جائے۔
کانگریس رہنما سورندر راجپوت نے ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔ راجپوت نے لکھا کہ رکن پارلیمنٹ قومی ترانے کی بے عزتی کر رہی ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ انہیں جیل بھیجا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو یہ مانا جائے گا کہ ملک میں دو آئین چل رہے ہیں۔ ایک عام انسان کے لیے اور دوسرا بی جے پی کے رہنماؤں کے لیے۔
بانسری سشما سوراج مرحومہ بی جے پی رہنما سشما سوراج کی بیٹی ہیں۔ سشما سوراج سابق وزیر خارجہ رہ چکی ہیں اور بی جے پی کی قدآور لیڈر تھیں۔


