حیدرآباد (پریس نوٹ) ریاستی مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ تلنگانہ و آندھرا پردیش کے ارکان و عہدیداران مولانا شاہ جمال الرحمن مفتاحی،مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی قاسمی، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ،مولانا محمد عبد القوی، مولانا حافظ خواجہ نذیر الدین سبیلی ، مولانا محمد امجد علی قاسمی، مولانا مصلح الدین قاسمی اور مولانا محمد ارشد علی قاسمی نے اپنے صحافتی بیان میں کہا: ختم نبوت رسول اللہ ﷺ کی سب سے اہم اور بنیادی صفت ہے، ہر سچا مسلمان آں حضرت ﷺ کی اس امتیازی شان کو دل و جان سے تسلیم کر تے ہوئے آپ ﷺ کے آخری نبی ہو نے کا عقیدہ رکھتا ہے اور یہ اسلام کے اہم ترین اور بنیادی عقائد میں سے ہے۔
ماہ ربیع الاول میں جہاں سیرت النبی ﷺ کے مختلف گوشوں پر گفتگوکی جاتی ہے، وہیں سیرت طیبہ کے اس اہم ترین اور خاص پہلو ’’ ختم نبوت ‘‘ پر بھی روشنی ڈالنا ضروری ہے، کیوں کہ اس کا تعلق آں حضرت ﷺ کی خاص شان کے علاوہ امت مسلمہ کےعقیدۂ و ایمان کی حفاظت سے ہے، اس لئے ہر سال ربیع الاول کے مہینہ میں ریاستی مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ کے زیر اہتمام گریٹر حیدرآباد کے مختلف علاقوں ، تلنگانہ اور آندھرا کے مختلف اضلاع کے شہروں منڈلوں اور دیہاتوں میں ختم نبوت کو موضوع بنا کر ’’ سیرت خاتم النبیین‘‘کے عنوان سے جلسے رکھے جاتے ہیں۔
الحمد اللہ یہ سلسلہ جاری ہے ، اسی ضمن میں یہ بھی طئے پایا کہ ربیع الاول کے آخری جمعہ کو گریٹر حیدرآباد اور دونوں ریاستوں کے تمام اضلاع و شہروںکی مساجد میں جمعہ کے دن اردو بیان میں ختم نبوت کے عنوان پرخطاب کیا جائے، اس لئے ہم تمام ائمہ و خطیب حضرات سے اپیل کرتے ہیں کہ مورخہ 19/ستمبر بروز جمعہ اپنی مساجد میں اس عنوان پر خطاب کریں، تاکہ مسلمان عقیدۂ ختم نبوت کی عظمت و اہمیت سے واقف ہو کر فتنۂ قادیانیت کی گمراہی سے محفوظ رہیں۔


