بڑی خبر : کوڑنگل میں قبرستانوں، عاشور خانہ اور چھلہ مبارک کی بےحرمتی کے خلاف مسلمانوں کا شدید احتجاج! تلنگانہ بھر کے مسلمانوں میں شدید غم و غصہ کی لہر

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ میں سیکولر کانگریس کے سیکولر وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کے حلقہ کوڑنگل سے انتہائی افسوسناک خبر سامنے آرہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق کوڑنگل میں 20 ستمبر کی رات متعدد مسلم رہنماوں کو زبردستی حراست میں لیکر سڑک کی توسیع کے نام پر متعدد قبرستانوں، چھلہ مبارک، عاشور خانہ و دیگر مذہبی مقامات کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔

کوڑنگل کے رہائشیوں نے بتایا کہ شہر میں ترقی کے نام پر مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ کئی دنوں سے ہم انتظامیہ کی ممکنہ کاروائی پر احتجاج کررہے تھے اور انصاف کا مطالبہ کررہے تھے لیکن راتوں رات اچانک کاروائی کرتے ہوئے ایک منصوبہ کے تحت مسلمانوں کے متعدد مذہبی مقامات کو نقصان پہنچایا گیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ کاروائی حلقہ سے رکن اسمبلی چیف منسٹر ریونت ریڈی کے حکم پر کی گئی۔ کوڑنگل کے رہائشیوں نے کاروائی پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا۔

اطلاعات کے مطابق مجلس اتحاد المسلمین کے کارکنوں نے اس واقعہ کے خلاف احتجاج کیا۔ واقعہ کے خلاف مسلمانوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ پورے علاقہ میں پولیس کی بھاری جمیعت کو تعینات کیا گیا۔

کسی بھی امکانی احتجاج کو روکنے کےلئے کچھ افراد کو حراست میں لینے کی بھی اطلاع ہے۔ اس دوران کوڑنگل پہنچ رہے مجلس بچاؤ تحریک کے ترجمان امجد اللہ خان کو بھی راستہ میں روک دیا گیا۔ تحریک کے ذرائع کے مطابق امجد اللہ خان کو پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔

کوڑنگل میں قبرستانوں، عاشور خانہ اور چھلہ مبارک کی بےحرمتی کی اطلاع پر حیدرآباد سمیت تلنگانہ بھر کے مسلمانوں میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں