ایچ ون بی ویزا پر امریکی پابندیاں: ہندوستانیوں میں تشویش کی لہر، پرواز میں افراتفری! (وائر ویڈیو دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) ایچ ون بی ویزا سے متعلق ٹرمپ کے ایک اعلان نے ہزاروں لوگوں کی زندگی بدل کر رکھ دیا ہے۔ جس کے اثرات سامنے آنا شروع ہوچکے ہیں۔ امریکی صدر کے H-1B ویزا پر 100,000 ڈالر کی فیس کے اعلان نے افراتفری مچا دی۔ سان فرانسسکو سے ہندوستان جانے والی امارات کی پرواز میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

کئی ہندوستانی مسافروں نے پرواز کے ٹیک آف سے عین قبل جہاز چھوڑ دیا۔ اس غیر متوقع صورتحال کے باعث پرواز تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔ ایک ویڈیو میں کپتان کو مسافروں سے مخاطب ہوتے سنا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ غیر معمولی حالات کے پیش نظر، جو مسافر سفر نہیں کرنا چاہتے، وہ جہاز سے اتر سکتے ہیں۔

کپتان نے واضح کیا کہ یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہوگا اور امارات ایئر لائن کو اس پر کوئی اعتراض نہیں۔ یہ اعلان اس افراتفری کو مزید بڑھا گیا۔

صدر ٹرمپ نے H-1B ویزا فیس میں اضافے کا دفاع کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام ہنر مند کارکنوں کے لیے تھا، لیکن اسے امریکی کارکنوں کی جگہ کم تنخواہ والے افراد لانے کے لیے استعمال کیا گیا۔

صدر ٹرمپ کے اعلان کے بعد مائیکروسافٹ اور میٹا جیسی بڑی کمپنیوں نے فوری ردعمل دیا۔ انہوں نے اپنے H-1B ویزا ہولڈرز کو امریکہ سے باہر نہ جانے کی ہدایت کی۔ کمپنیوں نے اپنے ملازمین کو 24 گھنٹوں کے اندر امریکہ واپس آنے کی تاکید کی۔ یہ اقدام دوبارہ داخلے سے انکار کے خدشے کے پیش نظر اٹھایا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں