موسیٰ ندی کی سطح میں خوفناک اضافہ کے بعد حالات خراب، درجنوں مکانات زیرآب، سینکڑوں افراد محفوظ مقامات پر منتقل (خوفناک ویڈیوز دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد میں موسیٰ ندی نے اپنا خوفناک روپ دکھا دیا ہے۔ موسیٰ ندی کی سطح میں خطرناک اضافہ دیکھا گیا۔ اس وقت ندی میں طغیانی جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ پرانا پل کے قریب موسیٰ ندی 13 فٹ کی بلندی پر تیزی سے بہہ رہی ہے۔ علاقہ میں پانی بہنے کی گرج دار آواز سنائی دے رہی ہے، جو اس کی شدت کو ظاہر کرتی ہے۔ ندی کا یہ بہاؤ معمول سے کہیں زیادہ ہے۔

ویڈیو دیکھنے کےلئے لنک پر کلک کریں:
https://x.com/i/status/1971773913236721966

موسیٰ ندی میں سیلاب کی وجہ سے چادر گھاٹ کے قریب درجنوں مکانات زیر آب آگئے اور پانی ایم جی بی ایس میں داخل ہوگیا۔ عنبرپیٹ کے موسی رام باغ میں پرانے پل کو بند کردیا گیا جبکہ زیر تعمیر پل کے سپورٹنگ سینٹرنگ لوہے کی سلاخوں کو نقصان پہنچا۔ موسیٰ ندی کے قریب واقع چادر گھاٹ، ملک پیٹ، کمل نگر، موسیٰ نگر، عنبرپیٹ و دیگر علاقوں میں واقع مکانات میں پانی داخل ہوگیا۔ لوگوں کو گھریلوں اشیا ہنگامی حالات میں لیکر جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ بعض مکانات کی چھت تک پانی آگیا ہے۔ حکومت کی جانب سے متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ اس دوران انتہائی خوفناک مناظر دیکھے گئے۔

ویڈیو دیکھنے کےلئے لنک پر کلک کریں:
https://x.com/i/status/1971781176550740269

ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پرانا پل کے قریب پیش آیا۔ ندی کے بیچ میں واقع ایک شیو مندر میں پجاری کا خاندان پھنس گیا۔ سیلاب کی شدت بڑھنے پر وہ مندر کی چھت پر پناہ لینے پر مجبور ہو گئے۔ پولیس کے مطابق، چار افراد سیلاب میں پھنس گئے جنہیں بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔ یہ خاندان اس وقت شدید خطرے میں ہے۔

ویڈیو دیکھنے کےلئے لنک پر کلک کریں:
https://x.com/i/status/1971790460298702894

پولیس، ہائیڈرا اور ریونیو حکام پجاری کے خاندان کو بچانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ انہیں محفوظ طریقے سے کنارے پر لانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے۔ امدادی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں۔ حکام نے موسیٰ ندی کے آس پاس کے علاقوں میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔ لوگوں کو ندی سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یہ حفاظتی اقدامات شہریوں کی حفاظت کے لیے ضروری ہیں۔

ویڈیو دیکھنے کےلئے لنک پر کلک کریں:
https://x.com/i/status/1971619228139901054

سیلاب کی وجہ سے ضیاگوڑہ اور پرانا پل کے درمیان سڑک بند کر دی گئی ہے۔ اس سے عطاپور اور پرانا پل کے درمیان آمدورفت مکمل طور پر رک گئی ہے۔ شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے پڑ رہے ہیں۔ پولیس نے پرانا پل کے قریب بیریگیڈز لگا دیے ہیں۔ یہ اقدام لوگوں کو خطرناک علاقوں میں جانے سے روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔ ٹریفک کو بھی دوسرے راستوں پر موڑ دیا گیا ہے۔

ویڈیو دیکھنے کےلئے لنک پر کلک کریں:
https://x.com/i/status/1971608618719216082

موسیٰ ندی کے نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو خبردار کیا جا رہا ہے۔ افضل گنج کے قریب موسیٰ متاثرین کو امدادی کیمپوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ انخلاء ان کی حفاظت کے لیے ضروری ہے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں میں رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پولیس اور امدادی اداروں سے رابطہ کریں۔ آپ کی حفاظت ہماری ترجیح ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں