امریکی پولیس فائرنگ میں جاں بحق محمد نظام الدین نم آنکھوں کے ساتھ سپردِ خاک، محبوبنگر میں ماحول سوگوار! رحمت بیگ، امجد اللہ خان و دیگر مسلم رہنماؤں نے نماز جنازہ میں شرکت کی

حیدرآباد (دکن فائلز) امریکہ میں پولیس فائرنگ میں جاں بحق محمد نظام الدین کے جسد خاکی کو آج علی الصبح حیدرآباد کے شمس آباد ایئرپورٹ سے محبوبنگر میں واقع ان کے گھر لایا گیا، اس دوران انتہائی جذباتی و غمگین مناظر دیکھے گئے۔ آج بعد نماز ظہر نماز جنازہ ادا کی گئی اور آبائی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔

کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے رہنما و ایم ایل سی رحمت بیگ نے بھی محبوبنگر میں نظام الدین کے گھر پہنچ کر والدین کو پرسہ دیا اور تعزیت کا اظہار کیا۔

قبل ازیں محمد نظام الدین کی میت شمس آباد ایئرپورٹ لائی گئی، جہاں رشتہ داروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مجلس بچاؤ تحریک کے ترجمان امجد اللہ خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے محبوبنگر پہنچ کر والدین کو پرسہ دیا اور نماز جنازہ میں شرکت کی۔ نماز جنازہ میں مسلم علمائے کرام اور رہنماؤں نے شرکت کی۔

نظام الدین کی میت کا دیدار کرنے کےلئے بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوگئے اور ہر کسی کی آنکھیں نم تھیں۔ ماحول ا نتہائی غمگین تھا۔

واضح رہے کہ 3 ستمبر کو امریکہ کے کیلیفورنیا میں ایک معمولی جھگڑے کے دوران پولیس فائرنگ سے تلنگانہ کا ایک ہونہار طالب علم محمد نظام جاں بحق ہوگئے تھے۔ محبوب نگر ضلع سے تعلق رکھنے والے محمد نظام، جو ماسٹرز کی تعلیم حاصل کر رہے تھے، اپنے روم میٹ کے ساتھ کسی بات پر جھگڑ رہے تھے۔ اس دوران پولیس موقع پر پہنچی اور فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں نظام موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ نظام الدین کو چار گولیاں لگی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں