آئی لو محمد مظاہروں کو یوگی نے غزہ ہند سے جوڑ دیا! مسلمانوں کو جہنم کا ٹکٹ دینے کی دھمکی، کیا کوئی وزیراعلیٰ ایک خاص مذہب کے ماننے والوں کےلئے اس طرح کی زبان استعمال کرسکتا ہے؟

حیدرآباد (دکن فائلز) یوگی آدتیہ ناتھ کے حالیہ بیانات نے ملک بھر میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ یوگی نے بلرامپور میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کیا۔ انہوں نے بریلی میں ہونے والے “آئی لو محمدؐ” مظاہروں کو براہ راست ‘غزوہ ہند‘ سے جوڑ دیا۔ یہ بیانات اترپردیش میں اقلیتوں کے ساتھ رویہ کی عکاسی کرتے ہیں۔

یوگی نے مظاہروں کو “غزوۂ ہند” سے جوڑتے ہوئے سخت الفاظ استعمال کیے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ “جسے جہنم جانا ہے، وہ غزوۂ ہند کے نام پر افراتفری پیدا کرنے کی کوشش کرے۔” یہ بیان ملک میں مذہبی جذبات کو مزید بھڑکا سکتا ہے۔

یوگی نے واضح کیا کہ حکومت کی زیرو ٹالرینس پالیسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی ملک یا سماج مخالف حرکت کرے گا، اس کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ یہ انتباہ مظاہرین اور مخالفین کے لیے ایک سخت پیغام ہے۔

یوگی آدتیہ ناتھ نے مسلمانوں پر بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی سرزمین پر “غزوۂ ہند” نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ زمین ان شخصیات کے اصولوں سے چلتی ہے جنہوں نے ملک کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ “جو غزوۂ ہند کا خواب دیکھتا ہے، وہ دراصل جہنم کا ٹکٹ خرید رہا ہے۔”

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کچھ لوگ دھوکہ دہی کے ذریعے آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے بلرامپور کے جلال الدین کی مثال دی جس نے اپنا نام چھانگر بابا رکھ کر ہندوؤں کو گمراہ کیا۔ یوگی نے ایسے عناصر سے ہوشیار رہنے کی تاکید کی۔

یوگی نے کہا کہ کچھ لوگوں کو امن اور ترقی پسند نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن بچوں کے ہاتھوں میں کتاب اور قلم ہونا چاہیے، ان کے ہاتھوں میں “آئی لو محمدؐ” کے پوسٹر تھما کر معاشرے میں انتشار پھیلایا جا رہا ہے۔ حکومت ایسی افراتفری برداشت نہیں کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے سخت لہجے میں کہا کہ جو بھی فساد یا دنگا کرے گا، وہ یاد رکھے کہ جیسے بریلی میں پٹے ہیں ویسے ہی دوبارہ پٹیں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ترقی کے راستے میں رکاوٹ بنو گے تو یہی ترقی تمہاری تباہی کا سبب بن جائے گی۔

یوگی ادتیہ ناتھ کے تازہ بیانات سے ملک بھر کے مسلمانوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ ملک بھر میں سیکولر ذہن رکھنے والے افراد یہ سوال کر رہے ہیں کہ ’کیا کسی ریاست کا وزیراعلیٰ ایک خاص مذہب کے لوگوں کےلئے اس طرح کی زبان استعمال کرسکتا ہے؟

اپنا تبصرہ بھیجیں