حیدرآباد (دکن فائلز) کیرالہ حکومت نے ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی مہم کی شدت سے مخالفت کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ کیرالہ اسمبلی میں ووٹر لسٹ کی خصوصی و گہری نظرِ ثانی (ایس آئی آر) کے خلاف متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی گئی۔ چیف منسٹر پنارائی وجین نے ایوان میں قرارداد پیش کی جس میں الیکشن کمیشن آف انڈیا کے ذریعہ کرائے جانے والے فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظر ثانی (ایس آئی آر) کی مخالفت کی گئی۔
اس قرارداد میں الیکشن کمیشن سے اپیل کی گئی ہے کہ ایس آئی آر شفاف طریقے سے کرایا جائے۔ اس قرارداد کی کانگریس کی قیادت والے اپوزیشن اتحاد یو ڈی ایف نے بھی حمایت کی۔
حکمران اور اپوزیشن دونوں اتحادوں نے اس کی حمایت کی۔ اپوزیشن کی تجاویز کو شامل کرنے کے بعد قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ کیرالہ اسمبلی نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ ایس آئی آر کے عمل کو قومی آبادی کے رجسٹر کو لاگو کرنے کی بالواسطہ کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
بہار کی مثال دیتے ہوئے اس میں خبردار کیا گیا کہ اگر ووٹر لسٹ سے نام من مانی حذف کیے گئے تو سیاسی بدامنی پھیل جائے گی۔ اسپیکر اس قرارداد کو مرکزی حکومت کو بھیجیں گے۔


