حیدرآباد کے پرانے شہر میں 7 سالہ معصوم لڑکی کا بہیمانہ قتل! نانی کے گھر میں پانی کی ٹنکی سے ہاتھ بندھی نعش ملنے سے علاقہ میں غم لہر دوڑ گئی

حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد کے پرانے شہر میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا۔ ایک سات سالہ معصوم لڑکی جسے ایک دن قبل گھر سے لاپتہ بتایا جارہا تھا اسی گھر کی چھت پر موجود پانی کی ٹنکی میں مردہ پائی گئی۔ نعش کے ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے تھے۔

جیسے ہی یہ خبر عام ہوئی علاقہ میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ ایک ننھی جان کو اس بے رحمی سے قتل کیا گیا، یہ سوچ کر ہی روح کانپ اٹھتی ہے۔ یہ واقعہ ہمارے معاشرے میں بچوں کی حفاظت پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

معصوم بچی کے والدین اور اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں۔ اس گھناؤنے جرم کے ذمہ داروں کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ اس افسوسناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی مجلس اتحاد السملمین کے کارپوریٹر شاہد، رشتہ دار اور مقامی لوگ جائے وقوعہ پر پہنچے اور پولیس کو تفصیلات سے واقف کروایا۔

وہیں مجلس بچاؤ تحریک کے ترجمان امجد اللہ خان بھی گھر پہنچ کر لڑکی کے غمزدہ اہل خانہ سے ملاقات کی اور مادنا پیٹ پولیس اسٹیشن پہنچ کر تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے قاتل کو سخت سے سخت سزا دینے کا بھی مطالبہ کیا۔

پولیس کی جانب سے اس ہولناک قتل کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ پولیس نے بہت جلد قاتل کی نشاندہی کرکے گرفتار کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق لڑکی اپنے ماں باپ کے ساتھ حافظ بابا نگر میں واقع مکان میں رہتی تھی، تاہم دسہرہ کی تعطیلات کے موقع پر وہ اپنے نانی کے گھر واقع چھاونی ناد علی بیگ آئی ہوئی تھی کہ یہ واقعہ پیش آیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں