چندرابابو نائیڈو، پون کلیان، لوکیش نے آر ایس ایس کو مبارکباد دی اور تعریف کی

حیدرآباد (دکن فائلز) یہ ایک تاریخی حقیقت ہے کہ مہاتما گاندھی اور سردار پٹیل نے آر ایس ایس کو فرقہ پرست تنظیم اور قوم کےلئے خطرہ قرار دیا تھا۔ اسی تنظیم کے 100 مکمل ہونے پر آندھراپردیش کے وزیراعلیٰ این چندرا بابو نائیڈو، نائب وزیر اعلیٰ پون کلیان اور وزیر این لوکیش نے مبارکباد دی ہے۔ یہاں یہ بات دلچسپ ہے کہ گاندھی جینتی کے روز آندھراپردیش کے ان لیڈروں نے آر ایس ایس کی تعریف کی ہے۔

راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کی صد سالہ تکمیل کے موقع پر، چندرا بابو، پون کلیان، اور نارا لوکیش نے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے مبارکبادی پیغامات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘X’ کے ذریعے شیئر کیا۔

چیف منسٹر چندرا بابو نے اپنی پوسٹ میں کہا، “راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کو اپنی صد سالہ مکمل کرنے پر میری دلی مبارکباد۔ میں امید کرتا ہوں کہ ملک کی خدمت میں ان کی خدمات، خاص طور پر آفات کے وقت لوگوں کو انسانی امداد فراہم کرنے میں، اسی طرح جاری رہیں”۔

پون کلیان نے بھی آر ایس ایس کی صد سالہ تقریب کے موقع پر کہا، “آر ایس ایس کو میری جانب سے دلی مبارکباد، جس نے وجئے دشمی پر ملک کو پہلے رکھنے کے لیے نظم و ضبط، خدمت اور عزم کے 100 سال مکمل کیے ہیں۔” انہوں نے تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’آر ایس ایس نے آزادی کی تحریک سے لے کر آج کی قدرتی آفات تکہر بحران میں بے مثال نظم و ضبط اور لگن کے ساتھ خاموشی سے ملک کی خدمت کی‘۔

پون کلیان نے تنظیم کے بانی ڈاکٹر ہیڈگیوار کے وژن کو یاد کیا۔ موجودہ سر سنگھ چالک موہن بھاگوت کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سناتن دھرم کی اقدار پر سماج کو متحد کرنے کا ان کا عزم متاثر کن ہے۔ انہوں نے ہر سویم سیوک کو اس تاریخی سنگ میل پر مبارکباد دی۔

دوسری طرف نارا لوکیش بھی آر ایس ایس کی تعریف کرنے میں پیچھے نہیں رہے۔ انہوں نے آر ایس ایس کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ “اتحاد، کردار سازی، اور قوم کی تعمیر جیسی اقدار کے لیے پرعزم خدمات کے سو سال مکمل کرنا ایک عظیم سنگ میل ہے۔”

اپنا تبصرہ بھیجیں