جوبلی ہلز ضمنی انتخاب: بی جے پی نے امیدوار کا اعلان کردیا

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ کی جوبلی ہلز اسمبلی سیٹ پر ضمنی انتخاب کا میدان سج گیا ہے۔ بی جے پی نے جوبلی ہلز ضمنی انتخاب کے لیے لنکالا دیپک ریڈی کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ پارٹی کی مرکزی الیکشن کمیٹی نے ان کے نام کی منظوری دے دی ہے۔

دیپک ریڈی 2023 کے انتخابات میں تیسرے نمبر پر رہے تھے۔ یہ ان کا اس سیٹ پر دوسرا مسلسل مقابلہ ہے۔ یہ سیٹ بی آر ایس کے مگنتی گوپی ناتھ کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔ 2023 میں گوپی ناتھ نے کانگریس کے اظہر الدین کو شکست دی تھی۔

اس بار بی آر ایس نے گوپی ناتھ کی اہلیہ مگنتی سنیتا کو میدان میں اتارا ہے۔ کانگریس نے نوین یادو کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ اس حلقہ سے کامیابی کےلئے بی آر ایس، کانگریس اور بی جے پی میں سخت مقابلہ ہے۔

ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ 11 نومبر کو ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی 14 نومبر کو کی جائے گی۔ نامزدگی فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 21 اکتوبر ہے۔ امیدوار 24 اکتوبر تک اپنا نام واپس لے سکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے ایگزٹ پول کے نتائج کی اشاعت پر پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ پابندی 6 نومبر صبح 7 بجے سے 11 نومبر شام 6:30 بجے تک نافذ رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں