ماں کی لاش کے سامنے تین دن تک زیورات اور پیسوں کےلئے بیٹیوں میں جھگڑا، آخری رسومات ادا کرنے سے بھی روک دیا

حیدرآباد (دکن فائلز) ایک ایسا واقعہ جو انسانیت کو شرمسار کر دے گا۔ اپنی ماں کی موت کے بعد، بیٹیوں نے جو کیا وہ سن کر آپ حیران رہ جائیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سوریا پیٹ ضلع کے آتماکور منڈل میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا۔ پودلی نرسما نامی ایک ضعیف خاتون کا انتقال ہو گیا۔

خاتون کے انتقال کے بعد بیٹیوں نے ماں کی لاش کو روکے رکھا اور آخری رسومات ادا کرنے سے انکار کردیا۔ دو بیٹیوں نے ایسا ماں کی محبت میں نہیں بلکہ پیسوں اور زیورات کی لالچ میں کیا۔

دراصل بیٹیاں اپنی ماں کی لاش کے سامنے ہی ان کے پیسے اور زیورات کے لیے لڑنے لگیں۔ انہیں ماں کی موت کا غم نہیں، بلکہ دولت کی فکر تھی۔ وہ 12 لاکھ روپے اور 6 تولے سونے کے لیے جھگڑ رہی تھیں۔ حالانکہ 8 ایکڑ زمین پہلے ہی ان میں تقسیم ہو چکی تھی۔

رشتہ داروں اور پڑوسیوں نے انہیں سمجھانے کی بہت کوشش کی۔ پولیس کو بھی بلایا گیا، لیکن بیٹیوں نے کسی کی نہ سنی۔ انہوں نے صاف کہہ دیا کہ جب تک دولت کا حساب نہیں ہوتا، ماں کی آخری رسومات ادا نہیں کی جائیں گی۔ یہ رشتوں کی کیسی بے حرمتی ہے!

یہ واقعہ انسانیت اور رشتوں پر ایک سوالیہ نشان ہے۔ کیا دولت کی ہوس اتنی بڑھ گئی ہے کہ لوگ اپنی ماں کی لاش کو بھی نہیں بخشتے؟ اس افسوسناک واقعے پر لوگوں کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آرہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں