حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ کے مسلمانوں کےلئے ایک انتہائی افسوسناک خبر! جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش کے صدر، ممتاز عالمِ دین مولانا حافظ پیر شبیر احمد کا انتقال ہو گیا ہے۔ آج اتوار کی صبح نمازِ فجر کے مولانا نے داعی اجل کو لبیک کہا۔
مولانا حافظ پیر شبیر احمد کی رحلت سے ریاست کی دینی، تعلیمی اور ملی قیادت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ وہ ملی و سماجی خدمات کے لیے معروف شخصیت تھے۔ ان کی کمی شدت سے محسوس کی جائے گی۔
ان کے انتقال کی خبر سے دینی، سماجی اور سیاسی حلقوں میں غم و رنج کی لہر دوڑ گئی۔ مختلف مذہبی و سیاسی قائدین نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی علمی و ملی خدمات کو سراہا۔
مولانا مرحوم نہ صرف ایک فعال دینی قائد تھے بلکہ متحدہ آندھرا پردیش کی قانون ساز کونسل کے رکن بھی رہے۔ انہوں نے مسلمانوں کے تعلیمی، سماجی اور معاشی مسائل کے حل کے لیے مؤثر آواز بلند کی۔ وہ ہمیشہ مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کوشاں رہے۔
مولانا کے بیٹے حافظ پیر خلیق احمد کے مطابق، نماز جنازہ ان شاء اللہ 19 اکتوبر بروز اتوار بعد نماز عصر جامع مسجد کنز العلوم (مرکز شاہین نگر) میں ادا کی جائے گی۔ نماز عصر ٹھیک 04:45 بجے ادا کی جائے گی۔ تدفین مسجد قبا، رسالہ خورشید جاہی، مشیرآباد میں عمل میں آئے گی۔
مولانا کے فرزندان بھی سماجی اور سیاسی میدان میں سرگرم ہیں۔ پیر ارشاد احمد ناصر یوتھ کانگریس کے سینئر رہنما اور قومی کنوینر ہیں۔ پیر منیر جابر بھی حیدرآباد یوتھ کانگریس کے متحرک قائدین میں شامل ہیں۔