حیدرآباد (دکن فائلز نمائندہ افضل خان) ایک مسلم نوجوان کی بے مثال بہادری نے ایک خطرناک مجرم کو قانون کے کٹہرے میں لایا۔ نظام آباد میں پولیس کانسٹیبل پرمود کے قاتل ریاض کو بالآخر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس سنسنی خیز گرفتاری میں ایک مسلم نوجوان آصف نے اپنی جان پر کھیل کر پولیس کی مدد کی۔
روڈی شیٹر ریاض کی گرفتاری ایک بڑی کامیابی ہے۔ آصف کی بہادری نے اس مشکل مشن کو ممکن بنایا۔ اس نے ثابت کیا کہ جب بات انصاف کی ہو تو کوئی بھی پیچھے نہیں ہٹتا۔ ریاض سارنگ پور کے جنگلاتی علاقے میں چھپا ہوا تھا۔ جب پولیس نے اسے پکڑنے کی کوشش کی تو وہ فرار ہونے لگا۔ اسی لمحے آصف نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے ریاض کو دبوچ لیا۔
ریاض نے چاقو سے آصف پر حملہ کر دیا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔ اس بہادری کے عمل میں ریاض بھی زخمی ہوا۔ تاہم، پولیس نے اسے کامیابی سے گرفتار کر لیا۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ آصف اور ریاض دونوں کا اسپتال میں علاج جاری ہے۔ کچھ نیوز پورٹلز پر ریاض کے انکاؤنٹر کی خبریں گردش کر رہی تھیں۔ پولیس نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ پولیس نے واضح کیا کہ قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ کانسٹیبل پرمود اپنی بھانجی سے ملنے جا رہے تھے، جو ایک نجی اسپتال میں زیر علاج تھی۔ اسی دوران انہیں ریاض کے بارے میں اطلاع ملی۔ وہ اپنے بھتیجے آکاش کے ساتھ ملزم کو پکڑنے گئے۔ اس دوران ریاض نے کانسٹیبل پرمود پر چاقو سے حملہ کر دیا، جس سے وہ شہید ہو گئے۔ ریاض موقع سے فرار ہو گیا تھا۔
محکمہ پولیس اور عوام کی جانب سے پولیس کی مدد کرنے پر مسلم نوجوان آصف کی ستائش کی جارہی ہے۔