حیدرآباد (دکن فائلز) نظام آباد میں کانسٹیبل پرمود کے قتل کیس کے ملزم ریاض کی انکاؤنٹر میں موت ہوگئی۔ قبل ازیں نظام آباد کے ایک مسلم نوجوان آصف نے ملزم ریاض کی گرفتاری میں پولیس کی زبردست مدد کی۔ آصف نے اپنی جان خطرہ میں ڈال کر ریاض کو پکڑنے کی کوشش کی اور پولیس کی مدد کی۔ اس دوران ریاض کے حملہ میں آصف شدید زخمی ہوگئے۔
آصف کا فی الحال حیدرآباد کے نامپلی میں واقع ملاریڈی ہسپتال میں علاج چل رہا ہے۔ آج تلنگانہ کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس شیودھر ریڈی نے آج ملاریڈی ہسپتال پہنچ کر زخمی آصف کی عیادت کی۔ اس موقع پر حیدرآباد پولیس کمشنر سجنار کے علاوہ پولیس کے دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔
ڈی جی پی شیودھر ریڈی نے ڈاکٹروں سے آصف کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ ڈی جی پی شیودھر ریڈی نے کہا کہ آصف کی صحت مستحکم ہے۔ سرجری کے بعد آصف کا ہاتھ اب بہتر ہے۔ ڈی جی پی نے کہا کہ حکومت طبی اخراجات برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ آصف کی بہادری کو مرکز کی توجہ دلائیں گے اور گیلنٹری میڈل کے لیے سفارش کریں گے۔
تاہم سوشل میڈیا پر مسلم نوجوان آصف کی بہادری کے چرچے ہے۔ متعدد صارفین نے آصف کو سرکاری نوکری اور انعام دینے کا مطالبہ کیا ہے۔