تاریخی جامع مسجد دہلی کے شاہی امام سید احمد بخاری کی اہلیہ کا انتقال

حیدرآباد (دکن فائلز) دہلی کی تاریخی جامع مسجد کے شاہی امام سید احمد بخاری کی اہلیہ نیر بخاری کا چہارشنبہ کی رات انتقال ہوگیا۔ خاندانی ذرائع کے مطابق نیر بخاری بدھ کی رات معمول کے مطابق گھر پر موجود تھیں۔ انہوں نے رات کا کھانا کھانے کے بعد کچھ دیر بعد طبیعت میں اچانک خرابی محسوس کی۔ فوری طور پر انہیں دریا گنج کے سنجیون اسپتال لے جایا گیا، مگر ڈاکٹروں نے معائنہ کے بعد موت کی تصدیق کی۔ بتایا جا رہا ہے کہ انہیں دل کا شدید دورہ پڑا تھا۔

نیر بخاری کے بیٹے و نائب امام سید شعبان بخاری، ان کی بہنیں و دیگر اہلِ خانہ نے گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کی اپیل کی ہے۔ نمازِ جنازہ آج بعد نمازِ عصر شام 4:30 بجے جامع مسجد دہلی میں ادا کی جائے گی۔ شاہی امام سید احمد بخاری خود نمازِ جنازہ کی امامت کریں گے۔ تدفین جنت نشاں قبرستان میں عمل میں آئے گی، جہاں بخاری خاندان کے کئی دیگر بزرگ بھی مدفون ہیں۔

نیر بخاری کے انتقال پر دہلی اور ملک بھر سے علما، سماجی رہنما اور سیاسی شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ متعدد مذہبی و سماجی تنظیموں نے شاہی امام احمد بخاری اور ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی ہے۔ دہلی وقف بورڈ کے اراکین، درگاہوں کے متولیان اور مختلف مساجد کے ائمہ نے بھی مرحومہ کی مغفرت اور صبرِ جمیل کے لیے دعا کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں