حیدرآباد (دکن فائلز) گدوال میں ناقص غذا کے استعمال سے کئی طلباء بیمار ہو گئے۔ ایراولی منڈل کے دھرماورم میں واقع بی سی ہاسٹل میں جمعہ کو غیرمعیاری و ناقص کھانا کھانے کے بعد 53 طلباء کو اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ حکام نے بتایا کہ یہ سبھی لوگ فی الحال گدوال کے اسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کی صحت مستحکم ہے۔
تفصیلات کے مطابق دھرماورم بی سی ہاسٹل میں کل 125 طلباء تھے، جبکہ جمعہ کو 110 بچے حاضر تھے۔ رات کے کھانے کے بعد تقریباً 9 بجے 86 طلبہ کو الٹیاں ہونے لگیں۔ ہاسٹل کے عملے اور مقامی پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے طلبا کو ایمبولینسوں میں اسپتال منتقل کیا۔ ڈاکٹروں نے انہیں فوری علاج فراہم کیا۔
ضلع کلکٹر بی ایم سنتوش نے اس واقعہ پر ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ درست ہے کہ 53 طلباء فوڈ پوائزننگ کی وجہ سے بیمار ہوئے، اطلاع ملنے پر ضلعی انتظامیہ نے انہیں فوری طور پر سرکاری اسپتال منتقل کیا اور ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
کلکٹر نے وضاحت کی کہ “فی الحال، طلباء کی صحت بہتر ہے۔ کسی کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ ڈاکٹر وقتاً فوقتاً صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔” حکام نے بتایا کہ 53 طلبا اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کی حالت بہتر ہے۔


