حیدرآباد (دکن فائلز) یہ خبر نہایت رنج و غم کے ساتھ پڑھی جارہی ہے کہ حضرت شاہ آغا محمد قاسم صاحب قبلہ ابوالعلائی، سجادہ نشین درگاہ حضرت شاہ محمد حسن صاحب قبلہؒ ابوالعلائی آغاپورہ، آج 10 نومبر کی دوپہر اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ وہ گزشتہ چند دنوں سے شدید علیل تھے اور ایک خانگی دواخانے میں زیرِ علاج تھے۔
حضرت شاہ آغا محمد قاسم صاحب قبلہ ابوالعلائی، معروف روحانی خانوادے سے تعلق رکھتے تھے اور ان کا شمار اہلِ دکن کی باعزت اور بافیض شخصیات میں ہوتا تھا۔ آپ کی رحلت کی اطلاع کے ساتھ ہی آغاپورہ اور اطراف کے علاقوں میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی۔ خانقاہی نظام سے وابستہ علما، مشائخ اور عقیدت مندوں نے ان کی وفات کو ایک عظیم روحانی خلا قرار دیا۔
مرحوم، بیرسٹر اسدالدین اویسی صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد، جناب اکبرالدین اویسی قائد مجلس مقننہ پارٹی، اور جناب برہان الدین اویسی ایڈیٹر ان چیف روزنامہ اعتماد کے حقیقی ماموں زاد بھائی تھے۔
حضرت کے انتقال کی اطلاع ملتے ہی مختلف مذہبی و سماجی شخصیات نے ان کے صاحبزادے مولانا شاہ آغا محمد حسن میاں صاحب ابوالعلائی، نامزد سجادہ نشین، سے ملاقات کر کے اظہارِ تعزیت کیا۔ عوام کی بڑی تعداد درگاہ پر پہنچ کر مرحوم کے لیے فاتحہ خوانی و دعا میں شریک ہوئی۔ حضرت شاہ آغا محمد قاسم صاحب قبلہ کی خدمات اور ان کی روحانی فیوضات کو اہلِ دکن ہمیشہ یاد رکھیں گے۔



