حیدرآباد (دکن فائلز) دہلی کے تاریخی لال قلعہ کے قریب پیر کی شام ہونے والے خوفناک کار دھماکے کے بعد، جس میں کم از کم نو افراد ہلاک ہوگئے، حیدرآباد پولیس کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس نے گاڑیوں اور لاجز کی تلاشی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
حیدرآباد کے پولیس کمشنر وی سی سجنار کے مطابق شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع فوراً پولیس کنٹرول روم نمبر 100 پر دیں۔ انہوں نے بتایا کہ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کے پیش نظر پہلے ہی سیکورٹی سخت کی گئی تھی، تاہم دہلی دھماکے کے بعد اضافی حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ورنگل، کریمنگر اور دیگر اضلاع میں بھی گشت میں اضافہ کیا گیا ہے۔ ریلوے اسٹیشنوں پر بھی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر ریلوے پروٹیکشن فورس، گورنمنٹ ریلوے پولیس، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ نے پلیٹ فارموں اور انتظارگاہوں میں تفصیلی جانچ کی۔
حیدرآباد کے تقریباً تمام اہم چوراہوں اور شاہراہوں پر پولیس کی جانب سے بڑے پیمانہ پر گاڑیوں کی چیکنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔



