حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد وجئے واڑہ قومی شاہراہ 65 پر ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ایک پرائیویٹ بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس میں 40 مسافر سوار تھے۔ ڈرائیور کی بروقت کارروائی سے تمام مسافر محفوظ رہے۔ یہ واقعہ نلگنڈہ ضلع کے چٹیال منڈل میں پٹم پلی کے قریب پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق وہاری ٹریولس کی ایک بس 40 مسافروں کے ساتھ وجئے واڑہ کے لیے حیدرآباد سے روانہ ہوئی۔ جیسے ہی بس پٹم پلی پہنچی، ڈرائیور نے انجن کے ڈبے سے آگ آتی دیکھی۔ بغیر کسی تاخیر کے اس نے فوراً بس کو سڑک کے کنارے روک کر مسافروں کو الرٹ کردیا گیا۔ اس کے بعد فوری طور پر تمام مسافر بس سے اتر گئے اور اپنی جان بچائی۔
مسافروں کے اترنے کے کچھ ہی دیر بعد آگ پوری بس میں پھیل گئی اور وہ مکمل طور پر جلکر خاکستر ہوگئی۔ اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ اگرچہ حادثے میں بس جل کر راکھ ہو گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جس سے مسافروں اور اہلکاروں نے راحت کی سانس لی۔ ڈرائیور کی چوکسی کی وجہ سے بڑا حادثہ ٹل گیا۔



