حیدرآباد (دکن فائلز) اتر پردیش کے ضلع شراوستی کے کیلاش پور گاؤں میں پیش آئے ایک ہولناک واقعے نے پورے علاقے کو صدمے میں ڈال دیا ہے۔ ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی موت نے نہ صرف گاؤں بلکہ اطراف کے علاقوں میں بھی خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ مرنے والوں میں روز علی، اس کی بیوی شہناز، دونوں بیٹیاں گلناز، تبسم اور ڈیڑھ سالہ بیٹا شامل ہیں۔ یہ خاندان پانچ دن قبل ہی ممبئی سے گاؤں واپس لوٹا تھا اور اس کے فوراً بعد ہی یہ افسوسناک واقعہ رونما ہوا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ 35 سالہ روز علی نے پہلے اپنی بیوی اور تینوں بچوں کا گلا کاٹ کر بے رحمی سے قتل کیا اور اس کے بعد گھر کے پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی۔ یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب جمعہ کی صبح 8 بجے تک گھر کا دروازہ نہ کھلنے پر روز علی کی سوتیلی ماں کو شک ہوا۔ گاؤں والوں کی مدد سے جب دروازہ توڑا گیا تو اندر کی دل دہلا دینے والی منظر نے سب کو ششدر کردیا۔ بچے اور بیوی خون کے تالاب میں پڑے تھے جبکہ روز علی کی لاش پنکھے سے لٹکی ہوئی تھی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس، ایف ایس ایل ٹیم اور ڈاگ اسکواڈ موقع پر پہنچے۔ شراوستی کے ایس پی راہول بھاٹی نے بتایا کہ روز علی ممبئی میں ٹائلیں بچھانے کا کام کرتا تھا اور کرتیک پورنیما کے موقع پر گھر آیا تھا۔ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس نے قتل کے بعد خودکشی کی۔
پولیس کے مطابق حال ہی میں میکے جانے کے مسئلے پر میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہوا تھا، جسے ممکنہ وجہ سمجھا جارہا ہے۔ تاہم مقتول کی ماں کا کہنا ہے کہ کچھ عرصہ پہلے اختلافات ضرور تھے مگر اب دونوں میں سب کچھ ٹھیک تھا۔ پولیس تمام پہلوؤں پر تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ اصل حقیقت سامنے آسکے۔



