حیدرآباد (دکن فائلز) گجرات میں ایک دل دہلادینے والا واقعہ پیش آیا، ارولی ضلع کے موڈاسا کے قریب ایمبولینس میں آگ لگنے سے ایک نوزائیدہ بچہ، بچے کے والد، نرس اور ایک ڈاکٹر زندہ جلکر ہلاک ہوگئے۔ یہ افسوسناک واقعہ منگل کی علی الصبح پیش آیا۔ حادثے میں تین دیگر زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق پیدائش کے بعد بیمار ایک دن کے بچے کو موڈاسا کے اسپتال سے احمد آباد کے نجی اسپتال میں بہتر علاج کے لیے منتقل کیا جارہا تھا۔ اس دوران منگل کی صبح تقریباً ایک بجے موڈاسا-دھنسورا روڈ پر ایمبولینس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
حادثہ میں بچے کے ساتھ بچے کے والد جگنیش موچی (38)، ڈاکٹر شانتی لال رینٹیا (30) اور نرس بھوری بین منات (23) کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ ایمبولینس کے پچھلے حصے میں آگ بھڑکتے دیکھ کر ڈرائیور نے گاڑی کی رفتار کم کر دی۔ ڈرائیور انکیت ٹھاکر، جگنیش کے رشتہ دار گورنگ موچی اور گیتا بین موچی، جو اگلی سیٹوں پر بیٹھے تھے، یہ تینوں حادثہ میں زخمی ہوگئے جبکہ عقب میں موجود چاروں آگ میں پھنس کر ہلاک ہوگئے۔
اطلاع ملنے پر جب فائر بریگیڈ موقع پر پہنچی تب تک نقصان ہو چکا تھا۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ضلع کے ایس پی منوہر سنگھ جڈیجہ نے بتایا کہ حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے فرانزک ماہرین کو تعینات کیا گیا ہے۔ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔



