تلنگانہ گروپ۔II تقرریوں پر ہائی کورٹ کا بڑا فیصلہ، 2015-16 کی منتخب فہرست منسوخ

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے ریاست میں 2015-16 کے گروپ۔II تقرری عمل پر بڑا فیصلہ سناتے ہوئے ٹیلنگانہ پبلک سروس کمیشن (TSPSC) کی جانب سے جاری کی گئی منتخب امیدواروں کی فہرست کو منسوخ کر دیا ہے۔ جج جسٹس ناگیش بھیمپاکا کی قیادت میں قائم بنچ نے قرار دیا کہ کمیشن نے عدالت کے احکامات کی خلاف ورزی کی ہے اور اپنے دائرۂ اختیار سے باہر جاکر کارروائی کی ہے۔

عدالت نے سماعت کے دوران اس بات پر شدید برہمی کا اظہار کیا کہ امیدواروں کے جواب ناموں میں وائٹنر کا استعمال اور متعدد مقامات پر کی گئی چھیڑچھاڑ واضح طور پر نظر آرہی تھی، اس کے باوجود کمیشن نے انہیں قابلِ قبول قرار دیتے ہوئے جانچ کے عمل میں شامل کیا۔ عدالت نے اسے غیر قانونی اور انتخابی عمل کے اصولوں کے منافی قرار دیا۔

ہائی کورٹ نے ٹیکنیکل کمیٹی کی سفارشات کے مطابق تمام متاثرہ جواب ناموں کی دوبارہ جانچ کرنے کا حکم دیا ہے۔ ساتھ ہی ہدایت دی کہ یہ پوری کارروائی 8 ہفتوں کے اندر مکمل کرتے ہوئے نئی میرٹ لسٹ شائع کی جائے۔

واضح رہے کہ گروپ۔II کا نوٹیفکیشن 2015 میں جاری ہوا، 2016 میں تحریری امتحانات منعقد ہوئے اور 2019 میں تقرریاں عمل میں آئیں۔ تاہم متعدد امیدواروں نے بے ضابطگیوں کے الزام کے ساتھ عدالت سے رجوع کیا تھا۔ اس فیصلے کے بعد کئی برسوں سے خدمات انجام دینے والے ملازمین کا مستقبل سوالیہ نشان بن گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں