مدینہ بس حادثہ: جاں بحق معتمرین میں کرناٹک بیدر کی ضعیف خاتون رحمت بی اور ہبلی کے عبدالغنی بھی شامل

مدینہ بس حادثہ: جاں بحق معتمرین میں کرناٹک بیدر کی خاتون رحمت بی اور ہبلی کے عبدالغنی بھی شامل

حیدرآباد (دکن فائلز) سعودی عرب میں مدینہ کے قریب پیش آئے دلخراش حادثے میں جاں بحق 80 سالہ خاتون رحمت بی کا تعلق کرناٹک کے بیدر سے ہے۔ حکام کے مطابق رحمت بی، ساکن میلور سی ایم سی کالونی بیدر، عمرہ کی ادائیگی کے لیے حیدرآباد سے سعودی عرب روانہ ہوئی تھیں۔

انتظامیہ نے بتایا کہ وہ متوفیہ کے اہل خانہ کے مسلسل رابطے میں ہے اور ضروری کارروائی انجام دی جارہی ہے۔ حکام نے یہ بھی تصدیق کی کہ ریاستِ کرناٹک کے ایک اور شہری عبدالغنی شیراہٹی، ساکن ہبلی، بھی اس حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔

واضح رہے کہ 17 نومبر کو سعودی عرب میں مدینہ منورہ کے قریب پیش آنے والا دل خراش سڑک حادثہ میں 45 معتمرین جاں بحق ہوگئے جن میں زیادہ تر کا تعلق حیدرآباد سے ہے جبکہ دو زائرین کرناٹک سے ہیں۔ ان میں بیدر کی معمر خاتون رحمت بی اور ہبلی کے عبدالغنی شامل ہیں۔ زائرین کو لے جانے والی بس ایک ڈیزل ٹینکر سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آگئی تھی۔ اس دوران بس میں موجود صرف ایک شخص، عبدالشعیب محمد زندہ بچ پائے، جو اس وقت ایک سعودی اسپتال کے آئی سی یو میں زیرِ علاج ہیں۔

مجلس اتحاد المسلمین بیدر کے صدر محمد عبدالعزیز منا بھائی، مرزا صفی اللہ بیگ، محمد ساجد سجو لالہ اور محمد حفیظ قریشی نے رحمت بی کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور تعزیت پیش کی۔ مجلسی قائدین نے بتایا کہ اس معاملے میں مرکزی دفتر دارالسلام حیدرآباد سے بھی مسلسل رابطہ برقرار ہے، جبکہ مرزا رحمت بیگ ایم ایل سی اور کارپوریٹر ظفر حسینی بھی صورتِ حال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں