عمر نبی کے ویڈیو کی مذمت، اسدالدین اویسی نے بنایا امیت شاہ کو تنقید کا نشانہ

حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسد الدین اویسی نے دہلی دھماکہ کے ملزم عمر نبی کی ایک پرانی ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

واضح رہے کہ عمر نبی کی ایک پرانی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ خودکش حملے کو ’’شہادت‘‘ قرار دینے کی کوشش کرتا ہے۔

اسدالدین اویسی نے کہا کہ اسلام میں خودکشی حرام ہے اور معصوموں کا قتل سنگین گناہ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے حملے کسی بھی صورت جہاد نہیں بلکہ دہشت گردی ہیں۔ اویسی نے ’ایکس‘ پلیٹ فارم پر لکھا کہ دہلی ’نہ صرف اسلام بلکہ ملک کا قانون بھی ایسے جرائم کی سختی سے مخالفت کرتا ہے‘۔ ان کے مطابق اس معاملے میں کسی غلط فہمی کی گنجائش نہیں، یہ دہشت گردی ہے۔

ساتھ ہی اویسی نے قومی دارالحکومت کے قریب بڑی مقدار میں بارودی مواد کی برآمدگی اور ایک نئی دہشت گرد تنظیم کے سامنے آنے پر مرکز سے وضاحت طلب کی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے پارلیمنٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ گزشتہ چھ ماہ میں کشمیر کے کسی مقامی نوجوان نے دہشت گرد تنظیموں میں شمولیت اختیار نہیں کی۔ اویسی نے سوال اٹھایا۔ ’’تو پھر یہ نیا گروہ کہاں سے آیا؟ اس ناکامی کی ذمہ داری کون لے گا؟‘‘

اپنا تبصرہ بھیجیں