حیدرآباد (دکن فائلز) ایک خودار دلہے نے سسرال کی جانب سے جہیز میں ملنے والے لاکھوں روپے ٹھکرا کر سب کے دل جیت لیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مظفرنگر میں شادی کی تقریب میں 26 سالہ دلہے نے دل کو چھو لینے والی مثال قائم کرتے ہوئے جہیز میں 31 لاکھ روپے لینے سے انکار کر دیا اور صرف ایک روپیہ بطور شگون قبول کیا۔
شادی کی تقریب کے مہمانوں کے مطابق 24 سالہ دلہن، جس کے والد کورونا کی وجہ سے انتقال کر گئے تھے، کے گھر والوں نے شادی کے موقع رسم کےلحاظ سے 31 لاکھ روپے دلہے کیلئے ایک تھال میں سجا کر رکھے تھے، لیکن دلہے نے جہیز کے پیسے لینے سے انکار کرتےہوئے کہا کہ میرا اس پر کوئی حق نہیں۔ یہ دلہن کے والد کی محنت کی کمائی ہے، میں اسے قبول نہیں کر سکتا۔
روایت سے ہٹ کر دلہے کے اس فیصلے نے سب کو حیران کر دیا۔ دلہے کے والدین نے بھی اس کے فیصلے کی مکمل حمایت کی جبکہ دلہن کے اہلِ خانہ نے دل سے شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں شادی کی دیگر رسومات خوشی کے ساتھ ادا کی گئیں اور پھر دلہن مسکراہٹ اور عزت کے ساتھ اپنے سسرال روانہ ہوئی۔ تقریب میں موجود افراد نے دلہے کے اس قدم کو جہیز کے خلاف مضبوط پیغام قرار دیا۔


