کویمبتور میں لرزہ خیز واردات: بیوی کو قتل کر کے لاش کے ساتھ سیلفی لینے والا درندہ صفت شوہر گرفتار

حیدرآباد (دکن فائلز) تمل ناڈو کے کویمبتور میں ایک نہایت دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جس نے ریاست بھر میں خواتین کی سلامتی اور گھریلو تشدد کے بڑھتے واقعات پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ ایک شوہر نے اپنی ہی بیوی کو بے دردی سے قتل کر کے نہ صرف سفاکیت کی انتہا کی بلکہ اُس کی لاش کے ساتھ سیلفی لے کر واٹس ایپ اسٹیٹس پر اپ لوڈ کر کے انسانیت کو شرمسار کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق، تیرونلویلی کے رہائشی بالمروگن اور شری پریہ میاں بیوی تھے اور ان کے تین بچے ہیں۔ گزشتہ کچھ عرصے سے دونوں کے درمیان تنازعات چل رہے تھے، جس کے باعث شری پریہ اپنے شوہر سے الگ ہوکر کویمبتور میں ایک نجی کمپنی میں ملازمت کر رہی تھی اور خواتین کے ایک ہاسٹل میں مقیم تھی۔ بالمروگن نے اپنی بیوی پر بے بنیاد طور پر ناجائز تعلقات کا شبہ ظاہر کیا اور اسی شک کی بنیاد پر اُس نے ایک ہولناک قدم اٹھایا۔

اتوار کی دوپہر وہ کپڑوں میں چھری چھپا کر شری پریہ سے بات کرنے کے بہانے ہاسٹل پہنچا۔ بات چیت کے دوران جھگڑا بڑھ گیا اور غصے میں آکر اس درندہ صفت شخص نے اپنی بیوی پر وحشیانہ حملہ کرکے اُسے موقع پر ہی قتل کر دیا۔

سفاکی کا مظاہرہ یہیں ختم نہیں ہوا۔ شری پریہ کی لاش خون کے تالاب میں پڑی تھی اور بالمروگن اُس کے پاس بیٹھ کر سیلفی لیتا رہا۔ اس نے یہ تصویر ’’نَمک حرامی کا انجام موت‘‘ جیسے شرمناک کیپشن کے ساتھ واٹس ایپ اسٹیٹس پر پوسٹ کر دی۔

اچانک پیش آئے اس خوفناک منظر سے ہاسٹل میں کہرام مچ گیا اور لڑکیاں چیختی ہوئی باہر بھاگ نکلیں۔ لیکن قاتل موقع واردات پر ہی بیٹھا پولیس کا انتظار کرتا رہا۔ اطلاع ملتے ہی رتن پوری پولیس موقع پر پہنچی، ملزم کو گرفتار کیا اور قتل میں استعمال ہونے والا ہتھیار بھی برآمد کر لیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں