ٹریفک چالان پر رعایتوں کی افواہیں بے بنیاد — حیدرآباد پولیس کی وضاحت

حیدرآباد (دکن فائلز) گزشتہ کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ ٹریفک چالانوں پر بھاری رعایتیں دی جا رہی ہیں، یہاں تک کہ 13 دسمبر کو چالانوں پر 100 فیصد تک ڈسکاؤنٹ ملے گا۔ عوام کی بڑی تعداد اس جھوٹے پروپیگنڈے پر یقین کرنے لگی تھی۔ ان خبروں کے تیزی سے پھیلنے پر حیدرآباد ٹریفک پولیس نے واضح اور سخت ردِعمل دیا ہے۔

پولیس نے اپنے سرکاری ایکس (ٹویٹر) ہینڈل پر جاری کردہ بیان میں کہا کہ ٹریفک چالانوں پر رعایتوں سے متعلق تمام خبریں مکمل طور پر جھوٹی، بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ 13 دسمبر کو کسی بھی قسم کی لوک عدالت منعقد نہیں کی جا رہی اور نہ ہی چالان پر ڈسکاؤنٹ دینے کے بارے میں کوئی سرکاری نوٹیفکیشن جاری ہوا ہے۔

ٹریفک پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسی جھوٹی خبروں پر یقین نہ کریں اور نہ ہی انہیں شیئر کریں۔ پولیس کے مطابق اس طرح کی غلط معلومات نہ صرف شہریوں کو دھوکہ دیتی ہیں بلکہ انتظامیہ کے لیے غیر ضروری مسائل بھی کھڑے کرتی ہیں۔

پولیس نے مزید کہا کہ حالیہ دنوں میں ٹریفک چالان رعایتوں سے متعلق افواہیں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب ہائی کورٹ نے بھی یہ واضح کیا ہے کہ چالانوں پر بڑے پیمانے پر رعایتیں دینا مناسب نہیں۔ عدالت نے کہا تھا کہ اگر چالان معاف کیے جائیں تو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہوگا اور عوام میں قانون کا خوف ختم ہو جائے گا۔

حیدرآباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے فیک نیوز اور غلط اطلاعات کو آگے نہ بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ٹریفک چالانوں پر کسی قسم کی رعایت یا ڈسکاؤنٹ کا کوئی منصوبہ نہیں۔

پولیس نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ تمام ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، جرمانے وقت پر ادا کریں اور ایسے افواہ ساز عناصر سے ہوشیار رہیں جو سوشل میڈیا کے ذریعے گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں