حیدرآباد (دکن فائلز) ہندوستان کی معیشت کو تقویت دینے کے مقصد سے ریزرو بینک آف انڈیا نے ایک اہم اور فیصلہ کن قدم اٹھاتے ہوئے ریپو ریٹ میں 25 بیسس پوائنٹس (0.25%) کی کمی کا اعلان کیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد ریپو ریٹ 5.50% سے گھٹ کر 5.25% ہوگئی ہے۔
یہ فیصلہ آر بی آئی کے گورنر سنجے ملہوترا کی سربراہی میں منعقدہ مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس میں متفقہ طور پر لیا گیا۔
گورنر ملہوترا نے کہا کہ معیشت میں لیکویڈیٹی بڑھانے کے لیے مزید اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں، جن میں 100,000 کروڑ روپے مالیت کے سرکاری بانڈز کی اوپن مارکیٹ آپریشن کے تحت خریداری، 5 ارب ڈالر کا ڈالر–روپیہ سویپ و دیگر شامل ہیں۔
گورنر کے مطابق دوسری سہ ماہی میں جی ڈی پی کی 8.2% شرح نمو، مہنگائی کی شرح میں کمی سے 1.7% کی سطح تک، معیشت کو ایک سنہری موقع میسر آیا ہے، جس نے شرح سود میں کمی کی گنجائش پیدا کی۔ اسی مثبت فضا کے تناظر میں آر بی آئی نے جی ڈی پی گروتھ اندازہ بھی 6.8% سے بڑھا کر 7.3% کر دیا ہے۔
گورنر نے بتایا کہ ہندوستان کے غیر ملکی زرِ مبادلہ کے ذخائر 686 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں، جو تقریباً 11 ماہ کی درآمدات کے لیے کافی ہیں۔ تاہم انہوں نے عالمی تجارتی غیر یقینی کیفیت اور جغرافیائی سیاسی کشیدگی کو اب بھی معیشت کے لیے خطرہ قرار دیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آر بی آئی کے اس فیصلے کے بعد بینکوں کے لیے قرضوں کی شرحِ سود کم کرنا ممکن ہوسکتا ہے، لیکن اس کا فائدہ عوام تک کس رفتار سے پہنچتا ہے، یہ تجارتی بینکوں کے فیصلوں پر منحصر ہوگا۔


