درگاہ اجمیر شریف کو بم دھماکہ کی دھمکی! سیکورٹی ہائی الرٹ، پورا احاطہ خالی کرایا گیا

حیدرآباد (دکن فائلز) عالمی شہرت یافتہ درگاہ اجمیر شریف میں جمعرات کی دوپہر اس وقت شدید ہنگامہ مچ گیا جب انتظامیہ کو ایک مشتبہ ای میل موصول ہوا جس میں درگاہ اور کلکٹریٹ کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی تھی۔ ای میل ایک غیر تصدیق شدہ آئی ڈی سے آیا، مگر مقام کی حساسیت کے پیش نظر فوراً ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔

ای میل میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ خواجہ غریب نوازؒ کی درگاہ کے احاطے میں چار مقامات پر RDX اور IED نصب کیے گئے ہیں۔ دھمکی ملتے ہی پولیس نے زائرین کا داخلہ بند کر کے پورے درگاہ احاطے کو خالی کرا لیا۔ چند منٹوں میں بم ڈسپوزل اسکواڈ، چار تھانوں کی پولیس اور ایڈیشنل فورس موقع پر پہنچ گئی۔

بی ڈی ایس ٹیم نے میٹل ڈیٹیکٹر، ڈاگ اسکواڈ اور جدید آلات کی مدد سے سرچ آپریشن شروع کیا، جو کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔ اس دوران درگاہ کے تمام داخلی و خارجی راستے بند کر دیے گئے اور علاقے میں سخت ناکہ بندی نافذ کر دی گئی، تاہم ابھی تک کوئی مشکوک مواد برآمد نہیں ہوا۔

ضلع کلکٹریٹ کو بھی اسی نوعیت کا ای میل ملا، جس کے بعد وہاں بھی پوری عمارت خالی کروا کر تلاشی لی گئی۔ اجمیر کی ایس پی وندیتا رانا خود موقع پر پہنچیں اور صورتِ حال کا جائزہ لیا۔ ان کے مطابق کہ “ای میل غیر مصدقہ آئی ڈی سے آیا ہے۔ واضح دھمکی تو نہیں، لیکن اس میں کہا گیا ہے کہ یہاں کچھ کیا جا سکتا ہے۔ احتیاط کے طور پر سخت سیکورٹی پروٹوکول نافذ کر دیے گئے ہیں۔”

درگاہ میں 17 دسمبر کو سالانہ عرس کے سلسلہ میں پرچم کشائی کی رسم انجام دی جائے گی، جس وجہ سے پہلے ہی سیکورٹی بڑھائی گئی تھی۔ تازہ دھمکی کے بعد پورے شہر میں الرٹ لیول مزید بلند کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن مکمل ہونے تک درگاہ میں عام داخلہ محدود رکھا جائے گا۔

انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ افواہوں سے بچیں اور تصدیق شدہ معلومات پر ہی توجہ دیں۔ فی الحال تفتیش جاری ہے اور سیکورٹی فورسز پوری مستعدی کے ساتھ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں