حیدرآباد میں آوارہ کتوں کا ایک اور ہولناک حملہ، معصوم بچہ بال بال بچا (ویڈیو دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد میں آوارہ کتوں کے بڑھتے ہوئے حملوں نے ایک بار پھر شہریوں کو دہلا کر رکھ دیا ہے۔ یوسف گوڑہ کے سری لکشمی نرسمہا نگر میں پیش آنے والے تازہ واقعہ نے پورے شہر میں خوف کی فضا پیدا کر دی۔ گھر کے باہر کھیلتے ہوئے دو سالہ مانوِیت نندن پر اچانک ایک آوارہ کتا جھپٹا۔ کتے کے حملہ کے بعد معصوم کی دل دہلا دینے والی چیخیں سن کر بچے کے دادا نے فوری لاٹھی سے کتے کو مارنے کی کوشش کی۔

خوش قسمتی سے بچے کے دادا قریب ہی موجود تھے، جنہوں نے برق رفتاری دکھاتے ہوئے کتے کو لکڑی سے مار کر بھگا دیا، ورنہ یہ حملہ خوفناک سانحے میں بدل سکتا تھا۔ زخمی بچے کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو کر لوگوں میں شدید غم و غصے کا سبب بن رہی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر میں آوارہ کتوں کے حملے روز کا معمول بنتے جا رہے ہیں، مگر نہ ریاستی حکومت اور نہ ہی جی ایچ ایم سی اس مسئلہ کو سنجیدگی سے لے رہی ہے۔ یہ معاملہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب حال ہی میں سپریم کورٹ نے بھی ملک بھر میں آوارہ کتوں کے حملوں پر سخت برہمی کا اظہار کیا تھا اور ریاستی حکومتوں و بلدیہ اداروں کو کڑی تنبیہ جاری کی تھی۔ اس کے باوجود حیدرآباد جیسے بڑے شہر میں حفاظتی اقدامات کا نہ ہونا عوام کے لیے مزید تشویش کا باعث بن رہا ہے۔

ویڈیو دیکھنے کےلئے لنک پر کلک کریں:
https://twitter.com/i/status/1996897195619205587

اپنا تبصرہ بھیجیں