حیدرآباد (دکن فائلز) گوا کے آروپورہ میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات ایک دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا، جب مشہور نائٹ کلب “برچ بائے رومیو لین” میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اُٹھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے میں تقریباً 25 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ تقریباً 50 زخمیوں کو فوری طور پر گوا میڈیکل کالج منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس اور انتظامیہ کے مطابق زیادہ تر اموات دھویں کے باعث دم گھٹنے سے ہوئیں۔ ہلاک ہونے والوں میں 14 اسٹاف ممبران اور 4 سیاحوں کی شناخت ہو چکی ہے، جبکہ 7 افراد کی شناخت ابھی باقی ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ وہ سیاح تھے یا ملازمین۔
ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا گیا تھا کہ آگ سلنڈر دھماکے کے باعث لگی، لیکن ڈی جی پی آلوک کمار نے معائنے کے بعد واضح کیا کہ تمام سلنڈر محفوظ حالت میں پائے گئے اور دھماکے کی وجہ کچھ اور معلوم ہوتی ہے۔ کچھ عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ چند ہی سیکنڈز میں پورا ڈھانچہ آگ کی لپیٹ میں آگیا اور اندر موجود لوگوں کو باہر نکلنے کا موقع نہ مل سکا۔
ویڈیو دیکھنے کےلئے لنک پر کلک کریں:
https://x.com/i/status/1997447515273334799
گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت اور مقامی ایم ایل اے مائیکل لوبو فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ لوبو نے بتایا کہ اس المیے میں کوئی سیاح زخمی نہیں ہوا، البتہ بعد میں چار سیاحوں کی ہلاکت کی تصدیق سامنے آئی۔
ریسکیو ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور عمارت کے ملبے کی مزید تلاشی جاری ہے۔ ریاستی حکومت نے واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا اعلان کر دیا ہے۔


