حیدرآباد (دکن فائلز) جمعیت علماء گریٹر حیدرآباد کے زیر اہتمام مسجدِ معراج کرما گوڑہ سعیدآباد میں عاملہ و منتظمہ اور مدعووین خصوصی کا اہم مشاورتی اجلاس استاد الاساتذہ مولانا محمد مصدق القاسمی صاحب مدظلہ صدر جمعیت علماء گریٹر حیدرآباد کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی نظامت مولانا سید نذیر احمد یونس قاسمی دامت برکاتہم جنرل سکریٹری، جمعیت علماء گریٹر حیدرآباد نے فرمائی۔
مولانا عبدالعزیز لحجی صاحب دامت برکاتہم نے تلاوتِ کلامِ پاک اجلاس کا آغاز فرمایا اور حافظ نور محمد صاحب مدظلہ نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش فرمایا، اس میں اکابر کے مختصر بیانات کے ساتھ وقفے وقفے سے متعدد علمی و فکری پریزنٹیشنز پیش کی گئیں، جو اپنے موضوع اور اسلوب کے اعتبار سے انتہائی مفید اور متاثر کن تھیں۔
اہم نکاتِ اجلاس
1️⃣ ایس۔آئی۔آر پریزنٹیشن
سب سے پہلے جناب مولانا مفتی عبدالمقتدر مسعود صاحب قاسمی (جنرل سیکریٹری، جمعیت علماء حلقہ چندرائن گٹہ) نے SIR کے سلسلے میں تفصیلی پریزنٹیشن پیش کیا۔
2️⃣ اصلاحِ معاشرہ پر خطاب
اس کے بعد مولانا مفتی تجمل الحسین صاحب العالیہ ناظم اصلاحِ معاشرہ کمیٹی جمعیت علماء تلنگانہ نے نہایت مختصر پرمغز بیان فرمایا، جس میں موجودہ معاشرتی چیلنجز اور ان کے حل کی طرف توجہ دلائی گئی۔
3️⃣ اصلاحِ معاشرہ پریزنٹیشن
جناب حافظ عمر محی الدین صاحب سکریٹری جمعیت علماء گریٹر حیدرآباد نے اصلاحِ معاشرہ کے میدان میں جاری سرگرمیوں اور آئندہ منصوبہ بندی کے حوالے سے ایک جامع پریزنٹیشن پیش کیا۔
4️⃣ جمعیت یوتھ کلب پریزنٹیشن
اس کے بعد قاری محمد یونس علی خان صاحب دامت برکاتہم سکریٹری جمعیت علماء گریٹر حیدرآباد نے جمعیت یوتھ کلب کی کارکردگی اور خدمات اور طریقہ کار کو تفصیل سےپیش کیا۔
5️⃣ صحابہ کرامؓ کوئز پریزنٹیشن و اعلان
آخری پریزنٹیشن مولانا عبداللہ معاذ صاحب حسامی رکن منتظمہ جمعیت علماء نے پیش کی، جس میں حضراتِ صحابہ کرامؓ کوئز مقابلہ کے خدوخال، اہداف اور طریقۂ کار کی وضاحت کی گئی۔ اس موقع پر اس اہم مقابلے کے باضابطہ انعقاد کا اعلان بھی کیا گیا۔
کوئز مقابلےبتاریخ: 11 جنوری 2026 کو گریٹر حیدرآباد کے دس حلقوں میں منعقد ہوں گے
مقابلہ تین تعلیمی گروپوں پر مشتمل ہوگا:
گروپ درجہ بندی شرکاء کوئز :
پرائمری گروپ Group–A تیسری تا پانچویں جماعت۔
ہائی اسکول گروپ Group–B چھٹی تا دسویں جماعت۔
انٹر و ڈگری گروپ Group–C انٹرمیڈیٹ و ڈگری طلبہ و طالبات۔
ہر گروپ کے لیے الگ نصابی کتاب تیار کی گئی ہے، جس کی رونمائی اکابرینِ جمعیت علماء گریٹر حیدرآباد کے مبارک ہاتھوں انجام پذیر ہوئی۔
آخر میں صدر محترم محمد مصدق القاسمی صاحب دامت برکاتہم العالیہ نے کارکنان جمعیت سے کام میں لگنے اور مستعدی کے ساتھ کاموں کو انجام دینے کی تلقین فرمائی اور فرمایا کہ ہمیشہ یہ استحضار رہے کہ جمعیت کے سارے کام دین کے کام ہیں لہذا اس کے ہر کام پر ثواب کا ملنا یقینی ہے۔
نو منتخب عہدیداران کی تہنیت
اجلاس کے اختتامی مرحلے میں نو منتخب عہدیداران اور معتمدین کو مبارکباد پیش کی گئی اور ان کی خدمات کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔
آخر میں مولانامحمد عبدالمک مظاہری صاحب مدظلہ کی دعا کے ساتھ مجلس اختتام پذیر ہوئی۔ جس میں ملک و ملت کی سلامتی، دینی اداروں کی ترقی، اور جمعیت کے تمام منصوبوں کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئی۔
اس اجلاس میں مولانا مفتی تجمل حسین صاحب، مولانا حافظ غوث رشیدی صاحب، مولانا عبدالملک مظاہری صاحب، محمد مصباح الدین صاحب، مولانا حافظ عمر محی الدین صاحب، مولانا اعجاز الدین صدیقی صاحب، مولانا مستقیم الدین صاحب، حافظ و قاری یونس علی خان صاحب، مولانا معراج الدین علی ابرار صاحب، مولانا ظہیر الدین صاحب قاسمی، مولانا مفتی عرفان صاحب قاسمی، مولانا مفتی مسعود صاحب قاسمی، اور دیگر اراکین منتظمہ نے شرکت فرمائی۔


